عمران خان کے خلاف سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی تحقیقات شروع، نیب خیبرپختونخوا ہ نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی

منگل 20 فروری 2018 15:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 فروری2018ء) نیب خیبرپختونخوا ہ نے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تحقیقات شروع کر تے ہوئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبرپختون خوا کو انکوائری کا حکم دیا تھا جس کے بعد نیب ہیڈ کواٹر کی طرف سے جاری ہونے والی ہدایت پر نیب خیبرپختون خوا نے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پرعمران خان کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں، نیب ہیڈ کواٹر نے اس حوالے سے تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں ماہ ترجمان نیب نے بیان جاری کیا تھا کہ عمران خان نے غیرسرکاری دوروں کے لئے خیبرپختون خوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر 22 گھنٹے جب کہ ایکیورئیل ہیلی کاپٹر 52 گھنٹے استعمال کئے، پرائیویٹ کمپنی کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر پر فی گھنٹہ 10 سے 12 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں جب کہ نجی ایکیوریل ہیلی کاپٹر کے لئے فی گھنٹہ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتے ہیں، لیکن اس کے برعکس سرکاری ہیلی کاپٹر پر فی گھنٹہ ڈیڑھ سے 2 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے اس طرح مجموعی طور پر عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا کل خرچہ 1 کروڑ 11 لاکھ روپے بنتا ہے لیکن دستاویزات میں صرف 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے کی ادائیگی کا ذکر ہے جو اوسطا 28 ہزار روپے فی گھنٹہ بنتا ہے جس پر چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں