عوام میں عوامی فلاح وبہبودکے منصوبوں سے فاٹامیں انقلاب آئے گا،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 28 فروری 2018 21:15

عوام میں عوامی فلاح وبہبودکے منصوبوں سے فاٹامیں انقلاب آئے گا،گورنرخیبرپختونخوا
پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ محدود وسائل اور ناگفتہ بہہ حالات کے باوجود فاٹا کے نوجوانوں نے جس جوانمردی سے ان سب کا مقابلہ کیا وہ دنیا کی تاریخ میںاور کہیں نہیںملتا۔ہمارے نوجوان صحتمندانہ سرگرمیوں میں جوش وخروش حصہ لے رہے ہیں جواس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان کھیلوں کے ذریعے امن کا پیغام پوری دنیا کے دے رہے ہیں ۔

فاٹا میں سپورٹس ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ فاٹا کے کھلاڑیوںنے دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ محدود وسائل کے اندر فاٹا میں انقلابی تبدیلی لائی جارہی ہے جس سے فاٹا کے عوام کو براہ راست مستفید ہوسکیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے بدھ کے روز سپورٹس رائٹرزایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیاوفد کی قیادت سپورٹس رائٹرزایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے نومنتخب صدر جہانزیب صدیق کررہے تھے جبکہ انکے ہمراہ جنرل سیکرٹری عاصم شیراز ، سینئر ممبر اعجازاحمدخان اور عظمت اللہ بھی موجود تھے۔

گورنرخیبرپختونخوااقبال ظفر جھگڑا نے کہاکہ فاٹا کے سات ایجنسیوں اور ایف آرز کے علاقوںمیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تعلیم اور سپورٹس کو ترجیح دے رہے ہیں جسکے لئے مختلف پراجکٹس منظور کئے گئے ہیں ،جس سے پورے فاٹامیں انقلاب آجائے گا اورعوام کو انکی دہلیز پر یہ سہولتیں بہم پہنچائے جائیں گے۔گورنرنے کہا کہ فاٹا میں سپورٹس کے شعبے کو بھی اہمیت دی جارہی ہے تاکہ فاٹا کے نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی جانب راغب ہوسکے اور وہ کھیلوںکے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکے۔

انہوںنے کہاکہ ان کی ذاتی خواہش ہے کہ فاٹا اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی بہتر مستقبل بنانے میں ہر کوئی اپنا اہم کردار اداکرسکے کیونکہ یہی نوجوان ہمارے کل کا مستقبل ہے۔گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے صوبے کے اندر سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیںخراج تحسین پیش کی اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

انہوںنے کہا کہ سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے قلم کے ذریعے نامساعد حالات میں فاٹا اور صوبے کا سوفٹ امیج دکھانے میں اپنی ذمہ داری پوری کی ہے ،جسکے لئے سپورٹس رائٹرزایسوسی ایشن کے تمام ممبرصحافی مبارک باد کے مستحق ہیں اور انکی خدمات کوسراہا۔ قبل ازیں ایسوسی ایشن کے صدر جہانزیب صدیق نے گورنر خیبرپختونخوا کو ایسوسی ایشن کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر انہوںنے اطمینان کااظہار کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں