بی آر ٹی افتتاح کا 20مئی کا وعدہ بھی پورا نہ ہو سکا ،، ہارون بشیر بلور

تمام وعدے جھوٹے تھے ، پشاور کے شہریوں کو مزید اب کئی سال اس عذاب کو جھیلنا پڑے گا خیبر پختونخوا میں90دن میں تبدیلی کا وعدہ کیا گیا اور کوئی بھی وعدہ 5سال میں بھی پورا نہیں ہو سکا،رہنماء اے این پی

اتوار 20 مئی 2018 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے وزیراعلیٰ کی جانب سے 20مئی کو بی آر ٹی کے افتتاح کے اعلان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بالآخر 20مئی بھی گزر گئی لیکن بی آر ٹی مکمل نہ ہو سکی اور پشاور کے شہریوں کو مزید اب کئی سال اس عذاب کو جھیلنا پڑے گا ، انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک نے بی آر ٹی کے حوالے سے جتنے بھی وعدے کئے کوئی بھی ان میں سے شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ، انہوں نے کہا کہ کپتان اب ملک کے عوام کی حالت پر رحم کریں اور 100روزہ تبدیلی پروگرام کے ذریعے قوم کو گمراہ نہ کریں ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں90دن میں تبدیلی کا وعدہ کیا گیا اور کوئی بھی وعدہ 5سال میں بھی پورا نہیں ہو سکا ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ پشاور کے شہری اور تاجر برادری ذہنی کرب میں مبتلا ہیں جبکہ کاروبار تباہ ہو چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے شہری تبدیلی نکات اور جھوٹے وعدوں پر یقین کرنے کی بجائے ایک بار پشاور کا دورہ کریں اور دیکھیں کہ عوام کو کس عذاب میں مبتلا کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور عوام کی ضروریات کے مطابق مسائل حل کرے گی اور تمام منصوبوں کا ازسر نو جائزہ لے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں