اے این پی ، پی پی پی ، مسلم لیگ ن او رمولانا فضل الرحمن دوبارہ اقتدار کے خوا ب دیکھنا چھوڑ دیں،پرویزخٹک

18 کے انتخابات میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ،چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی، عمران خان نے اپنے سو دن کامنشور عوام کے سامنے پیش کردیا منشور میں غریب عوام کو ان کے حقوق دلانے کے ساتھ ساتھ انصاف کا بول بالا کرنے، پاکستان کواپنے پائوں پر کھڑا کرنے، حقیقی معنوں میںکشکول توڑنے اوراہم منصوبے شامل ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

اتوار 20 مئی 2018 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان حقیقی معنوںمیں ملک میں تبدیلی لائیں گے ۔ اے این پی ، پی پی پی ، مسلم لیگ ن او رمولانا فضل الرحمن دوبارہ اقتدار کے خوا ب دیکھنا چھوڑ دیں۔ عوام نے ان کو پہلے بھی مسترد کیاتھا اور 2018 کے انتخابات میں بھی مسترد کریںگے۔

تحریک انصاف پر عوام کا اعتماد روز بروز بڑھ رہا ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ تحریک انصاف کی پالیسیوں سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں ریکارڈ اصلاحات کی ہیں۔ اداروں کو مستحکم بنایا۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایمرجنسی بنیادوںپر اقدامات کیے۔2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔

(جاری ہے)

وہ سابق سینٹر عدنان خان کی قیادت میں قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے حلقہ پی کے بیس موجودہ پی کے 56 خالد مہمند کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پرپختونخوا ہاوس اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے خالد مہمند کو پی ٹی آئی کی ٹوپی پہنائی۔ اس موقع پر سابق سینٹر عدنان خان اور خالد مہمند نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کی ترقی کے لیے ہمیشہ کام کرتے رہیں گے۔

سابق سینٹر عدنان خان نے کہا کہ ان کی شمولیت قومی وطن پارٹی کے لیے شدید دھچکا ہے اور خالد مہمند انے والے انتخابات میں تحریک انصاف کے جھنڈے اور نشان کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے سو دن کامنشور عوام کے سامنے پیش کردیا منشور میں غریب عوام کو ان کے حقوق دلانے کے ساتھ ساتھ انصاف کا بول بالا کرنے، پاکستان کواپنے پائوں پر کھڑا کرنے، حقیقی معنوں میںکشکول توڑنے، عوام کی بنیا دی ضروریات پوری کرنے ، غریب عوام کے سر پرچھت دینے اور ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے سمیت کئی اہم منصوبے شامل ہیں۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی کی از سر نو تشکیل اورملک کی داخلہ پالیس پر نظر ثانی ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کے کونے کونے سے بڑی تعداد میں اہم سیاسی خاندان پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔ انھوں نے سابق نااہل وزیر اعظم نوز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر وقت یہ کہتے ہیں کہ ان کوکیوں نکالا۔ قومی دولت لوٹنے والے واویلا کررہے ہیں جس ملک کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نوازشریف رہے ہوں اس ملک کاخداہی حافظ ہے۔

انھوں نے مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر حکومت میں شامل ہوتے ہیں اس بار وہ اپنی خیر منائیں۔ پی ٹی آئی اکیلے حکومت بنائے گی۔ اے این پی ، پی پی پی گٹھ جوڑ نے صوبے کو جو نقصان دیا اس کی تاریخ میں مثال نہیںملتی۔تحریک انصاف روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے کھڑی ہے۔ ہماری اولین ترجیح غریب عوام ہیں۔ جس کو بدقسمتی سے مفاد پرست سیاستدانوں نے ہمیشہ نظر انداز کیا۔ پاکستان میں جو بھی برسراقتدار ایا اس نے ملک کولوٹا اور اپنی تجوریاں بھریں۔ حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے دُنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ باشعور عوام اور جنون کی طاقت سے 2018 کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریںگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں