حکومت ختم ہو چکی، ڈپٹی سپیکر عہدے پر انتخاب عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے ، سردار حسین بابک

اتوار 20 مئی 2018 19:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت عملاً ختم ہو چکی ہے اور ایکسپائری ڈیٹ سے ایک ہفتہ قبل ڈپٹی سپیکر کے عہدے پر انتخاب کا اعلان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے مقابلہ نہیں کر سکتی اس لئے اپنا امیدوار لانے سے کترا رہی ہے اگر حکومت اپنا امیدوار سامنے لائے تو اسے اپنی عددی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت مقابلہ کیلئے میدان میں آئے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اسمبلی کا اعتماد پوری طرح کھو چکے ہیں اور حکومت جاتے ہوئے اپنی سیاسی ساکھ بچانے کی ناکام کوششوں میں لگی ہے ،انہوں نے کہا ڈپٹی سپیکر کے حوالے سے اپوزیشن کا کوئی متفقہ فیصلہ نہیں ہوا اور حکومت اپنا امیدوار اس لئے سامنے نہیں لا سکتی کیونکہ وہ اسے کامیاب نہیں کراسکتی ، وزیر اعلیٰ اعتماد کھونے کے باوجود کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں حالانکہ اخلاقی جرات کا تقاضا یہی تھا کہ وہ خود مستعفی ہو جاتے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان نی2013کے الیکشن میں جھوٹے وعدوں اور خالی نعروں کے ذریعے پختون نوجوانوں کو ورغلایا اور انہیں دھوکہ دیا تاہم اب وہی نوجوان اپنے حقوق کیلئے ڈٹ گئے ہیں اور فاٹا ، خیبر پختونخوا اور پورے ملک کے پختون نوجوانوں نے مسائل کی وکالت شروع کر دی ہے اور حقوق کیلئے ڈٹ گئے ہیں جو بذات خود بڑی تبدیلی ہے اب عمران کسی کو دھوکہ نہیں دے سکتے ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام شعبوں میںغلط اعداد و شمار کے ذریعے عوام اور اداروں کو گمراہ کیا اور28مئی کے بعد اس کی حقیقت کھل کر سامنے آ جائے گی ، سردار حسین بابک نے کہا کہ بی آر ٹی ، محکمہ معدنیات ،انرجی اینڈ پاور ،محکمہ سیاحت ، صحت ، تعلیم ،جنگلات، بلین سونامی ٹری اور تقریباً تمام شعبوں میں کروڑوں و اربوں کی کرپشن کی داستانیں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں ، انہوں نے کہا کہ احتسابی ادارے ان کرپشن داستانوں کا نوٹس لیں ۔

(جاری ہے)

انہوں موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مسائل میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے ،صوبے کے بڑے ذرائع آمدن کی نجکاری کر دی گئی ہے اور خیبر پختونخوا ان ذرائع آمدن کی مستقل آمدنی سے محروم ہو گیا ہے پختونوں کی ترقی کا راز ان کے اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے، آج ہمیں جن مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا ہے ان کا مقابلہ اتحاد سے ہی کیا جا سکتا ہی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں