قومی وطن پارٹی کے منشور میں صوبے کے عوام کی خوشحالی کیلئے بہترین پلان موجود ہیں، آفتاب احمد شیرپائو

پختونوں کی فلاح وبہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،چیئرمین قومی وطن پارٹی

پیر 16 جولائی 2018 22:13

قومی وطن پارٹی کے منشور میں صوبے کے عوام کی خوشحالی کیلئے بہترین پلان موجود ہیں، آفتاب احمد شیرپائو
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی کے منشور میں پختونوں کے مسائل کے حل اور صوبے کے عوام کی خوشحالی کیلئے بہترین پلان موجود ہیں ۔قومی وطن پارٹی نے ہمیشہ پختونوں کے حقوق کی بات کی اور ہمیشہ بلند کرتی رہے گی ، قومی وطن پارٹی ملک میں پختونوں کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے اور وہ انکی فلاح وبہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گائوں شیرپائو میں یونین کونسل زیم اور شیرپائو کے الگ الگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو کا کہناتھا کہ پختوں قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے تحاشہ قربانیاں دی اور انہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پختوںن قوم ملک کی ایک بہت بڑی آبادی ہیں اور ملک کے وسائل پر انکا پورا حق ہے، قومی وطن پارٹی نے ہر پلیٹ فارم پر پختونوں کے حق کیلئے آواز بلندکیا اور انکے پاس صوبے کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے بہترین حل موجود ہے ۔

انہوںنے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختون قوم کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی اور مو جودہ بحرانوں سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور وہ انکی عزت اور تحفظ کیلئے اپنی کوشیش جاری رکھے گی،تمام سیاسی جماعتوں، نگران حکومت ،الیکشن کمیشن اور سکیورٹی اداروں کو جمہوریت کے حق میں اور دہشت گردی کے خلاف ہم آہنگی اور یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ملک کی سکیورٹی صورتحال کیلئے مثبت اقدامات اٹھائیں اور نگران حکومت کی امن و امان کی بحالی اور شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہونی چاہئے، ملک میں جاری دہشت گردی کے پے درپے واقعات سے عوام میں مایوسیاں پائی جارہی ہیں اور اس کیفیت کو دور کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام پر امن ماحول میں انتخابات میں حصہ لے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ صوبے میں تین جماعتوں کو اقتدار میں آنے کا موقع ملا لیکن انہوں نے عوام کی بہتری کے بجائے انکو مزید مسائل میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آنے والے انتخابات میں عوام نے قومی وطن پارٹی پر اعتماد کرتے ہوئے انکوحکومت میں آنے کا موقع دیا تو انکے مسائل دور کردینگے کیونکہ قومی وطن پارٹی کا فوکس صوبے کی بہتری پرہے اور وہ ہر سطح پر انکے مشکلات کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں