پشاور،نگران وزیر اعلیٰ کا ورکرزویلفیئر بورڈ میں سیکرٹری سمیت دیگر خالی پوسٹوں پر قواعد و ضوابط کے عین مطابق سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کل وقتی بھرتیوں کی ہدایت

منگل 17 جولائی 2018 23:07

پشاور،نگران وزیر اعلیٰ کا ورکرزویلفیئر بورڈ میں سیکرٹری سمیت دیگر خالی پوسٹوں پر قواعد و ضوابط کے عین مطابق سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کل وقتی بھرتیوں کی ہدایت
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے ورکرزویلفیئر بورڈ میں سیکرٹری سمیت دیگر خالی پوسٹوں پر قواعد و ضوابط کے عین مطابق سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کل وقتی بھرتیوں کی ہدایت کی ہے ، انہوں نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت تمام رہائشی کالونیوں / فلیٹس میں غیر قانونی الاٹمنٹ منسوخ کرنے اور آئندہ کیلئے صرف مستحقین کو الاٹمنٹ یقینی بنانے کیلئے شفاف طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

انہوں نے بورڈ میں بد انتظامی پر برہمی کا اظہار کیا اور مذکورہ فیصلوں پر سات دن کے اندر عملی پیش رفت یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ ذمہ داریوں کا کل وقتی تعین نہ ہونے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے ادارے کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے یہ غریب محنت کشوں کی فلاح کا ادارہ ہے جسکی کارکردگی اور شفافیت پر حرف نہیں آنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ خیبرپختونخوا کے نگران وزیر محنت مقدس اللہ، سیکرٹری محنت، بورڈ کے اراکین اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی نگران وزیراعلیٰ کو ورکرز ویلفیئر بورڈ کے قیام ، مقاصد، ذرائع آمدن، بورڈ کی تشکیل، تنظیمی ڈھانچہ، اختیارات، مکمل و جاری ترقیاتی سکیموں اور مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کو قانون کے مطابق مکمل فعال بنانے اور اسکی تمام سرگرمیوں میں شفافیت لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فوکس گرامر سکولوں کی حالت زار پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور سکولوں کیلئے ایک جامع پلان اور کرائیٹریا وضع کرنے کی ہدایت کی انہوں نے واضح کیا کہ غریب مزدوراور محنت کشوں کے بچوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہئے۔

ہم اپنے معاملات میں کسی غفلت کے مرتکب نہیں ہوتے توپھر غریب کے معاملے میں آنکھیں کیوں بند کر لیتے ہیں یہ رویہ ظلم کے مترادف ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے بورڈ کے تحت چلنے والے ووکیشنل مراکز کو بھی صحیح معنوں میں فعال اور نتیجہ خیز بنانے اور مراکز میں تیار کی گئی مصنوعات کو ڈسپلے سنٹرز میں رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کاریگروں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

انہوں نے مزدور اور محنت کش طبقے کیلئے قائم کیے گئے طبی مراکز کی بھی کڑی نگرانی کی ہدایت کی اور کہا کہ مراکز میں مطلوبہ سٹاف اور خدمات کی فراہمی کا بلا تعطل نظام ہونا چاہئے۔ بورڈ کی مجموعی سرگرمیوں کا مرکز و محور مزدور ہونا چاہئے اور انکو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جائے جسٹس (ر) دوست محمد خان نے فیملی فلیٹس اور دیگر رہائشی منصوبوں میں غیر مستحق لوگوں کو الاٹمنٹ پر برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تمام غیر قانونی الاٹمنٹ سات دن کے اندر منسوخ کی جائیں اور کرایہ داروں سے بقایاجات واپس لیے جائیں فلیٹس چھوڑ کر جانے اور نئے آنے والوں کا مکمل ریکارڈ ہونا چاہئے اور بقایا جات کی ریکوری کا قابل عمل طریق کار ہونا چاہئے انہوں نے تعمیراتی منصوبوں کو نفع بخش اور دیرپا بنانے کیلئے تجربہ کار کنسلٹنٹس لینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ غریب ورکرز کی فلاح کا معاملہ ہے جس میں رتی بھر بھی کوتاہی کی گنجائش نہیں نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد اب محکمے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مستقبل کے لئے اپنا پلان وضع کرے انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں درکار مالی وسائل کی پیش بندی ناگزیر ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں