بروقت وشفاف انتخابات کے ذریعے ہی ملک وقوم کودرپیش بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، آفتاب احمد خان شیرپائو

تمام سیاسی جماعتیں پختونوں کو مشکلات سے نکالنے کیلئے متحد ہو جا ئیں، قومی وطن پارٹی کے چیئرمین قومی وطن پارٹی

بدھ 18 جولائی 2018 22:17

بروقت وشفاف انتخابات کے ذریعے ہی ملک وقوم کودرپیش بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، آفتاب احمد خان شیرپائو
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ بروقت اور صاف وشفاف انتخابات کے ذریعے ہی ملک وقوم کودرپیش بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنیوالوں نے گزشتہ 5سال میں امن کے قیام اور یہاں کے باسیوں کی حالت بدلنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایاجس کی وجہ سے پختونوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور ایسے اقدامات کی ضرورت ہے کہ ان کو بے یقینی کی صورتحال سے نکالا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جلوزئی ضلع نوشہرہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی پی کے 65کے امیدوار اشتیاق خٹک اور ضلعی عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ بروقت اور صاف شفاف انتخابات کا انعقادملک میں جمہوریت کے تسلسل اور جمہوری اداروں کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ پختونوں کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اور ان کی سرزمین پر امن کے قیام کیلئے متحد ہو جا ئیں، عوام سابقہ حکمرانوں سے بیزار ہو چکے ہیں اور قومی وطن پارٹی انتخابات میں برسراقتدار آکر لوگوں کو ریلیف فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پختون انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اور انھیں بے پناہ بحرانوں کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ان کے مسائل و مشکلات کی طرف توجہ نہ دی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کی سرزمین کشت و خون میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے ان میں مایوسی پھیل چکی ہے لہٰذا اس مایوسی کو دور کرنے کیلئے ہمیں متحد ہو کراپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

آفتاب شیرپائونے بے روزگاری،مہنگائی اور خراب طرز حکمرانی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سابقہ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ ان کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ۔انھوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوچکی ہے اورافراط زر بڑھنے کی وجہ سے نہ صرف اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے بلکہ یہ سماجی و معاشی ترقی کی راہ میں بھی رکائوٹ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی کا مشن اور پروگرام عوامی فلاح و بہبود اور ملک اور عوام کو بحرانوں سے نکالنا ہے اور اس سلسلے میں پارٹی تمام محاذوں پر ملکی اور عوامی احساسات کی مکمل ترجمانی کر رہی ہے اور ان کے مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے ہر فورم پر برسرپیکار ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں