نگران پنجاب حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،شہبازشریف

الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے 25جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر ہمارے مینڈیٹ کوتبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو کسی صورت تسلیم نہیںکریں گے ووٹ کی پرچی کا احترام کیا جائے، ننگے طریقے سے ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے، ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی،پشاور میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد پریس کانفرنس

ہفتہ 21 جولائی 2018 00:00

نگران پنجاب حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،شہبازشریف
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہاہے کہ نگران پنجاب حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،25جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر ہمارے مینڈیٹ کوتبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی صورت تسلیم نہیںکریں گے۔پشاور میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد پارٹی کے صوبائی صدرامیرمقام کی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ نیب کی کارروائیاں (ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کے لیے ہورہی ہیں، ہماری نیب میں پیشیاں ہورہی ہیں اور کچھ لوگ پیسٹریاں کھارہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے الزام لگایا کہ پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کو سپورٹ کررہی ہے اور اس کے احکامات پر ناچ رہی ہے جب کہ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے کہاکہ تحریک انصاف اور نگران پنجاب حکومت ایک ہے، ان میں کوئی فرق نہیں، نگران وزیراعلیٰ کے ریکارڈ اٹھاکر دیکھ لیں، ان کے مسلم لیگ (ن) کیخلاف بیانات ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف ووٹ اور خدمت کی عزت کے لیے آئے، 13 جولائی کو پیمرا نے ہمیں کوریج نہ دینے کے لیے ٹی وی چینلز پر پابندی لگائی لیکن وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ووٹ کی پرچی کا احترام کیا جائے، ننگے طریقے سے ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے، ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی۔ان کا کہنا تھاکہ موقع ملا تو ملک کو ترکی اور ملائیشیا کے ہم پلہ لانے کے لیے اپنی جان لگادیں گے، جب مہاتیر محمد نے ملائشیا کو بدل دیا تو ہم اپنے ملک کو کیوں نہیں بدل سکتے، بھارت بھی ہم سے بہت آگے نکل گیا ہے وہ اب ہم سے صرف ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے ڈرتا ہے۔

شہبازشریف نے ایک بار پھر عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ انہیں بہتان خان اس لیے کہتا ہوں کہ وہ بہت جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے خیبرپختونخوا میں نہ اسپتال بنایا، نہ سڑکیں، کالج اور فرانزک لیب، اگر وہ کہہ دیں کہ وہ پشاور کو لاہور بنادیں گے تو میں اپنا کیس واپس لے لوں گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے جھاڑوبھی خریداہو تواس کے کاغذات کی بھی جانچ پڑتال ہوتی ہے لیکن نیب کو پشاورکابی آرٹی نظرنہیں آتا جہاں منصوبے کی لاگت38ارب سے 68ارب تک پہنچ گئی لیکن نیب نے کچھ نہیں کیایہ تو شکر ہے کہ پشاورہائیکورٹ نے تحقیقات کے احکامات جاری کردئیے ایک کالے لسٹ والی کمپنی کو ٹھیکہ دیاگیا کیااس کالی لسٹ والی کمپنی کو کالاپانی نہیں بھیجناچاہئے تھا منصوبے کی لاگت میں کیوں اضافہ ہوا اورنہ ہی منصوبہ وقت پرمکمل ہوا مسلم لیگ ن کوحکومت ملتی ہے تو انشاء اللہ اس منصوبے کا افتتاح ہم کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلوں کااحترام کرتے ہیں اور ان کے ہر حکم کی تعمیل کی گئی ہے ن لیگ ووٹ کے تقدس اور بحالی کیلئے تگ ودوکررہی ہے یادرکھ لیں ہمارے مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیاجائے گاقبل ازیں شہبازشریف کی پشاورآمدپرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے وہ بلورہائوس گئے اورہارون بلورکی شہادت پر غلام بلور کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا انہوں نے ملک میں دہشتگردی کیخلاف جنگ اور جمہوریت کیلئے بلورخاندان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں