دارالامان میں مقیم خواتین کو زندگی بہترطور گزارنے کے قابل بنانا ضروری ہے،آسیہ خان

پیر 23 جولائی 2018 20:24

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا کی مشیر برائے سماجی بہبود ترقی ء نسواں، آرٹ اور کلچر آسیہ خان نے کہا ہے کہ سماجی و معاشرتی ناہمواریوں اور تلخ رویوں کی شکار خواتین کو انکے حقوق فراہم کرنا اور انکی رہنمائی کرنا ذمہ دار معاشرے کے فرائض میں شامل ہے، مختلف وجوہات کے باعث دارالامان میں مقیم خواتین کو اپنی زندگی بہتر طریقے سے گزارنے کے قابل بنانا ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو ایبٹ آباد میں محکمہ سماجی بہبور کے زیر نگرانی بنے دارالامان کے دورے کے موقع پر کیا۔انھوں نے ایبٹ آباد دارالامان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دارالامان میں مقیم خواتین مختلف مسائل میں گھری ہوتی ہیں انھیں زندگی کی طرف واپس لانے کے لیے مثبت طرزعمل کی ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کے جن جن اضلاع میں دارالامان ہیں وہاں خواتین کو ہنر سکھانے اور انھیں بنیادی تعلیم سے روشناس کرانا ضروری ہے جبکہ بہت سی خواتین کے ساتھ انکے کم سن بچے بھی موجود ہیں انکی تعلیم کو بھی بھرپور توجہ دینی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم خواتین کی مدد کی ذمہ داری جن کے سپرد ہے انھیں بھی دیانتداری سے فرائض انجام دینے چاہیئں۔مشیر وزیراعلی آسیہ خان نے اس موقع دارالامان میں مقیم خواتین سے صورتحال دریافت کی اور انکے مسائل سنے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں