خیبرپختونخوااسمبلی میں سپیکروڈپٹی سپیکرکاچنائو کل ہوگا

پی ٹی آئی کی جانب سے مشتاق غنی سپیکراورمحمودجان ڈپٹی سپیکرکے امیدوارہونگے،اپوزیشن نے لائق محمداورجمشیدمہمندکونامزدکردیا،وزیراعلیٰ کاانتخاب کل ہوگا

منگل 14 اگست 2018 13:41

خیبرپختونخوااسمبلی میں سپیکروڈپٹی سپیکرکاچنائو کل ہوگا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) خیبرپختونخوااسمبلی میں سپیکروڈپٹی سپیکرکاچنائوآج بروزبدھ کوہوگا پی ٹی آئی کی جانب سے سپیکرکے عہدے کیلئے مشتاق غنی اورڈپٹی سپیکر کیلئے محمودجان امیدوارہوں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے سپیکرشپ کیلئے لائق محمدخان جبکہ ڈپٹی سپیکرکیلئے جمشید مہمندکونامزدکیاہے ۔پولنگ آج صبح 10 بجے ہوگی۔

عام انتخابات میں زیادہ نشستیں جیتنے کے بعدپی ٹی آئی کوایوان میں سادہ اکثریت حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ باآسانی اپنے امیدواروں کوکامیاب کراسکے گی دوسری جانب اپوزیشن کے پاس ایوان میں صرف35کے قریب اراکین کی حمایت حاصل ہے ۔سپیکروڈپٹی کے بلامقابلہ انتخاب کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں اوراس حوالے سے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے وفدنے جرگہ کی شکل میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈرسرداربابک سے ملاقات کی اورانہیں اپناامیدواردستبردارکرنے کوکہاتاہم سرداربابک نے اپنی جماعت اور اپوزیشن کی دیگرپارٹیوں کے ساتھ مذاکرات کے بعدحتمی جواب کیلئے وقت مانگا۔

(جاری ہے)

سپیکروڈپٹی سپیکرکے انتخاب کے بعد قائم مقام سپیکرسرداراورنگزیب نلہوٹھا نئے سپیکر سے حلف لے کراسمبلی رکن کی حیثیت سے اپنی نشست پربیٹھ جائیں گے جس کے بعد نئے سپیکرڈپٹی سپیکرسے اسکے عہدے کاحلف لے گا۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواکے نئے وزیراعلیٰ کے انتخابات کیلئے آج کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے جس کے بعد کل یعنی16اگست کو صوبے کیلئے وزیراعلیٰ کاچنائو کیاجائے گاپی ٹی آئی پہلے ہی اپنے امیدوارمحمودخان کووزیراعلیٰ کیلئے نامزدکرچکی ہے تاہم اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کیلئے نام آج سامنے آئیگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں