پی ٹی آئی کے محمود خان خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد ایوان منتخب

کل وزیراعلی کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

جمعرات 16 اگست 2018 23:05

پی ٹی آئی کے محمود خان خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد ایوان منتخب
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان کو قائد ایوان منتخب کر لیا گیا۔ محمود خان نے 77 اور مخالف امیدوار میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کئے ۔جمعرات کے روزخیبرپختونخواہ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں شروع ہوا، ارکان کی کمی پر اسپیکر کی جانب سے پانچ منٹ کا وقت دیا گیا لیکن مقررہ وقت کے بعد بھی ارکان کی آمد جاری رہی وزیر اعلی کے انتخاب کا عمل شروع ہونے پراسپیکر کی ہدایت پر اسمبلی ہال کے دروازے بند کردیے گئے۔

پی ٹی آئی کے امیدوارمحمود خان کے حامی لابی نمبردو اوراپوزیشن کے امیدوار میاں نثارگل کے حامی لابی نمبر ایک میں گئے آزاد ارکان احتشام جاوید اور فیصل زمان نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو ووٹ دیا، نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے محمود خان نے 77 اورمتحدہ اپوزیشن کے میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

(جاری ہے)

ارکان کی گنتی کے بعد سپیکر مشتاق غنی نے محمود خان کی کامیابی کا اعلان کیا۔

محمود خان 73 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوگئے ۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد اعوان منتخب ہونے کے بعد محمود خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دیئے گئے وژن پر کام کریں گے، آج صوبے میں عمران خان کی جدوجہد کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں، یہ عمران خان ہی ہے جنہوں نے کرپشن کے خلاف جدوجہد کی۔محمود خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم قومی اداروں کو مضبوط کریں اور صوبے میں جاری میگا پراجیکٹس کو بروقت مکمل کریں تاکہ ان کے فوائد سے عوام فیضیاب ہوسکیں۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ عوام کے بھروسے کو کوئی ٹھیس نہ پہنچے، نہ ہی میں کبھی اپنی پارٹی کے منشور پر کسی قسم کا سمجھوتہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں ووٹ کی طاقت سے منتخب کیا ہے ، ہم کسی کے کندھوں پر بیٹھ کر نہیں آئے، ہماری کوشش ہوگی کہ صوبے کی ترقی کے سفر میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے،دور اقتدار میں خاص طور پر اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ایوان میں حلقے کھولنے کی بات کی گئی میں سب سے پہلے اپنا حلقہ کھولنے کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں دوسری بار حکومت بنائی، کرپشن کے خلاف جہاد جاری رکھیں گے اور عمران خان کے وژن پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ نومنتخب وزیراعلیٰ نے کہاکہ خواتین کے حقوق، صحت، تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے، جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیاجائے گا، بجلی کے خالص منافع اور وفاق سے دیگر وسائل بھی مانگیں گے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں گے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نے مزید کہا کہ ایوان میں دھاندلی کی بات کی گئی، میں سب سے پہلا اپنا حلقہ کھولنے کیلئے تیار ہوں، پی ٹی آئی نظریات اور میرٹ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔اپوزیشن رہنما اکرم خان درانی نے محمود خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرکزکی طرح یہاں بھی متحدہ اپوزیشن کا کردار ادار کرتے رہیں گے، عوام کی خاطر حکومت سے ممکنہ تعاون کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کا احتجاج الیکشن کروانے کے ذمہ داروں کے خلاف ہے، اپوزیشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف احتجاج نہیں کر رہی۔اکرم خان درانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن فوری نتائج کی فراہمی میں ناکام رہا، الیکشن کمیشن کا نظام بھی فیل ہوگیا اور فارم 45 کے حوالے سے بھی اس ادارے کی کارکردگی مشکوک رہی۔ اس سے قبل پی کے فور سے امیر مقام کو ہرا کر کامیابی سمیٹنے والے نومنتخب ایم پی اے عزیز اللہ گران نے بھی حلف اٹھایا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں