پاکستان اور ایران صدیوں سے مذہبی ،ثقافتی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں سے منسلک ہیں ،مشتاق غنی

بدھ 19 ستمبر 2018 20:10

پاکستان اور ایران صدیوں سے مذہبی ،ثقافتی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں سے منسلک ہیں ،مشتاق غنی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران صدیوں سے مذہبی ،ثقافتی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں سے منسلک ہیں ۔انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ممالک نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں نئی حکومت وجود میں آئی ہے جس کا ایجنڈا کرپشن سے پاک نظام وضع کرنا اور عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ بہترین جمہوری نظام کی فراہمی ہے ۔

انہوںنے ان خیالات کا اظہار ایرانی قونصل جنرل باقربیگی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوںنے ان سے صوبائی اسمبلی پشاور میں ملاقات کی ۔سپیکر نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں پاکستان اور ایران کا مستقبل کاتابناک ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عمران خان کی 22سالہ سیاسی جدوجہد رنگ لائی اور عوام نے ایک خاموش انقلاب کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کو مرکز سمیت دوصوبوں میں تاریخی فتح سے ہمکنار کیا ۔

سابقہ حکمران چونکہ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام رہے لہٰذا عوام نے ان کو مسترد کردیا ۔صوبہ خیبرپختونخوا میںعوام نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دوسری باربھاری اکثریت سے پاکستان تحریک انصاف کو کامیاب کرایا ۔یہ کامیابی اس امر کا بین ثبوت ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کی پالیسیوں پر غیر متزلزل اعتماد کیا ۔سابقہ صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس ،تعلیم ،صحت اور لوکل گورنمنٹ کے شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات کو لوگوں نے سراہا ۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن فری نظام قائم کرنا اور عوام کا پیسہ صرف اور صرف عوام پر خرچ کرنا ہے ۔سپیکرنے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لہر پر قابو پاکر امن وآمان کا قیام عمل میں لایا گیا ہے لہٰذا اب صوبہ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں ۔بیرونی سرمایہ کار انرجی اینڈ پاور،معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں آزادانہ طورپر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ۔

سپیکر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے محرم کے دوران شیعہ کمیونٹی کے حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات کئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ شیعہ اور سنی آپس میں مسلمان بھائی بھائی ہیں ۔سازشی اور بیرونی عناصر ہمارے درمیان تفرقہ پھیلانے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں لہٰذا ہمیں چاہیئے کہ آپس کے بھائی چارے کو ہر حا ل میں قائم رکھتے ہوئے سازشی عناصر کے عزائم کو خاک میں ملادیں ۔

انہوںنے کہا کہ اس تیسری قوت کو شناخت کرنا ہوگا جوفرقہ ورانہ فسادات پھیلاکر ہمارے ممالک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل باقربیگی نے کہا کہ ایران پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے اور ایران کے کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے عوام خوشحال ہوں اور ملکوں میں استحکام لایا جائے ۔انہوںنے تجویز دی کہ خواتین پارلیمنٹرینز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ دونوں ممالک کی خواتین پالیمنٹرینزآپس میں روابط بڑھاکر اپنے اپنے ممالک میں ترقی وخوشحالی کیلئے کرداراداکرسکیں۔

ایرانی قونصل جنرل نے پارلیمانی وفودکے تبادلوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کیا کہ وفود کے تبادلوںکے باعث ایک دوسرے کے تجربات سے فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔آخرمیں سپیکر مشتاق احمد غنی اور قونصل جنرل باقربیگی نے ایک دوسرے کو سونیئر دیئے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں