خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی کا سوات میں سکول اور کالجز کا معائنہ

اتوار 23 ستمبر 2018 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے دوسرے حصوں کی طرح سوات میں بھی سکول معائنہ و صفائی مہم تیز کر دی ہے جس کے دوران ضلع بھر کے سرکاری و نجی بوائز و گرلز سکولوں اور اسکے ساتھ ساتھ کالجز اور جامعات کے کینٹین اور واٹر ٹینک چیک کئے اور حفظان صحت کے مطابق بنائے جا رہے ہیں یہ بات اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسد قاسم نے پختونخوا ایف ایم ریڈیو سوات کے ہفتہ وار پروگرام حال احوال کو انٹرویو میں بتائی انہوں نے کہا کہ اس سات روزہ خصوصی مہم کے دوران تعلیمی اداروں کے اندر اور قرب و جوار میں کئی دکانداروں کو ناقص غذائی اشیاء کی فروخت پر جرمانے کئے گئے جبکہ انہیں معیاری خوردنی اجناس کی جانچ اور صفائی کی مناسب تربیت بھی دی گئی انہوں نے واضح کیا کہ اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد جرمانے نہیں بلکہ شہریوں کو اسلامی احکامات کے مطابق حلال اشیاء نیز ملاوٹ اور آلودگی سے پاک معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے دکانداروں اور صارفین دونوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں نقصانات سے بچانا بھی اتھارٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اسلئے تاجر برادری کو پریشان ہونے کی بجائے ان سے پورا تعاون کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ اتھارٹی کی شبانہ روز کوششوں کی بدولت نہ صرف تندوروں، بیکریوں، پولٹری، قصاب خانوں، دودھ و دہی اور دیگر خوردنی اشیاء کی دکانوں میں صفائی اور کوالٹی کی صورتحال بہتر بنی بلکہ حلال اشیاء بیچنے، محفوظ بنانے اور اسلامی ذبیحہ کے طور طریقوں سے بھی دکانداروں کو روشناس کیا گیا جن سے وہ پہلے نابلد تھے انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام کو ملاوٹ سے پاک حلال اور معیاری غذائی اشیاء کی فراہمی ان کا مشن ہے اور وہ یہ مشن پورے دینی وملی جذبے سے ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں