ڈی جی نیب خیبر پختونخوا 27 ستمبر کو عوام کی شکایات براہ راست سنیں گے

پیر 24 ستمبر 2018 19:51

ڈی جی نیب خیبر پختونخوا 27 ستمبر کو عوام کی شکایات براہ راست سنیں گے
پشاور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے احکامات پر عمل درآمد کر تے ہوئے ڈائر یکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوافرمان اللہ خان عوام کی شکایات خود سنیں گے۔معاشرے میں بدعنوانی کے بڑھتے ہوئے رجحانات کو مد نظر رکھتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے عوامی شکایات خود سننے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی صوبائی ڈائریکٹر جنرلز کو بھی ہدایت کی کہ عوامی شکایات خود سنیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پختونخو ا 27 ستمبر بروزجمعرات دوپہر2 سے 4 بجے تک عوام کی شکایات دفتر نیب خیبر پختونخوا واقع پی ڈی اے کمپلیکس فیز 5- حیات آباد پشاور میںبراہ راست سنیں گے ۔اس موقع پر شکایات سکروٹنی کمیٹی کے تمام ممبران بھی ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ ہوں گے جس کے لئے عوام کا تعاون درکار ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں اگر کسی سرکاری اہلکار نے جان بوجھ کر ناجائز طریقے سے کسی شخص کو سرکاری خزانے سے فائدے پہنچائے ہوں، یا ایسا شخص یا اشخاص جنہوں نے عوم الناس سے دھوکہ دہی اور منافع کا لالچ دیکر رقم وصول کر کے خرد برد کر لی ہو، ایسے اشخاص جو لوگوں کو ملک سے باہر جا نے کا جھانسہ دے رہے ہوں، کوئی ادارہ یا سوسائٹی جو ایک سے زیادہ اشخاص کو پلاٹ دینے کیلئے سکیم بنائے اور رقم خرد بردکرے، بینک کے حکام سے مل کر بینک فراڈ میں ملوث افراد ، سرکاری کام کیلئے رشوت طلب کر نے والے اور دھوکہ دہی سے قرض دلوانے والوں کے خلاف شکایات سنیں گے۔

شکایت کنندہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی شکایت تحریری شکل میں ہمراہ شناختی کارڈ کی کاپی اور ابتدائی ثبوتوں (کاغذات وغیرہ)کے ساتھ نیب آفس پشاور تشریف لائیں۔ ڈائریکٹرجنرل نے کہا ہے کہ تمام شکایات پر تحقیقات انتہائی شفاف طریقے سے ہونگی اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں