قبائلی اضلاع کے عوام کوصحت انصاف کارڈ فراہم کئے جائینگے،گورنرشاہ فرمان

پیر 15 اکتوبر 2018 23:22

قبائلی اضلاع کے عوام کوصحت انصاف کارڈ فراہم کئے جائینگے،گورنرشاہ فرمان
پشاور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع میں عوام کوصحت کی سہولیات کی فراہمی کی غرض سے صحت انصاف کارڈ فراہم کئے جائیں گے جبکہ قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات وہاں کے منتخب نمائندوں اوروہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق اٹھائے جائیں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے پیرکو گورنرہاؤس پشاورمیں قبائلی اضلاع کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ ڈاکٹرنورالحق قادری، اراکین قومی اسمبلی ساجد خان مہمند، محمد اقبال خان، عبدالشکور، ساجد حسین طوری، اراکین سینیٹ حاجی اورنگزیب، مومن خان آفریدی سمیت پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرنظام الدین اور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ قبائلی اضلاع میں دستیاب قدرتی وسائل کے صحیح استعمال سے ان علاقوں کے عوام قسمت بدل سکتی ہے جس کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ قدرتی وسائل کے صحیح استعمال سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ اجلاس میں قبائلی جرگہ سسٹم کو قانونی حیثیت دینے ، قبائلی طلباء کی وظائف کی بحالی، این ایف سی ایوارڈ میں قبائلی اضلاع کے حصہ کا تعین سمیت دیگر امور پر تفصیلی غوروخوض کیاگیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں