وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسدادپولیو کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات

منگل 16 اکتوبر 2018 19:30

وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسدادپولیو کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات
پشاور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) انسدادپولیوکیلئے وزیراعظم کے فوکل پرسن بابربن عطاء نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے منگل کے روز ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہونے والی اس ملاقات میں محکمہ صحت خیبرپختونخوا، یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او ر دیگر معاون اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ اپنامنصب سنبھالنے کے بعد صوبائی داراحکومت پشاور کے اپنے پہلے دورہ کے موقع پربابر بن عطاء نے وزیراعلیٰ محمود خان کو ملک میں انسداد پولیو کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے اقدامات اور حکمت عملی سے آگاہ کیااور بتایا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کے ماحولیاتی نمونوںمیںپچھلے 10 ماہ سے پولیووائرس کی نشاندہی ہورہی ہے جو باعث تشویش ہے کیونکہ اس سے گردونواح کے علاقوںمیںبچے پولیووائرس کاشکارہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بابر بن عطاء نے کہا کہ ماہ نومبرمیں ہونے والی انسداد پولیو مہم پولیووائرس کی منتقلی روکنے کے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے جبکہ نومبر کی اس ویکسینیشن مہم کے بعد لوٹرانسمشن سیزن کے دوران انسدادپولیوکی 3معیاری مہمات چلانے کی ضرورت ہوگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان نے پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمہ کے لئے وزیراعظم کے فوکل پرسن اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ایک قومی مشن ہے اور صوبہ سے پولیو کے خاتمہ کے لئے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

انہوں نے انسدادپولیو کی کاوشوں میں بھرپور تعاون اور فعال شرکت کا یقین دلایا۔ اس اہم ملاقات میں طے پایا کہ انسداد پولیو کی معیاری مہم کے سلسلے میں نومبر کے پہلے ہفتہ میں صوبائی پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائیگا۔ فوکل پرسن نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ کاوشوں کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرکے اپنے بچوں کو عمربھرکی معذوری سے محفوظ کیا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں