مرکزی اور صوبائی حکومت دیرپا قومی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں،محمودخان

صوبائی حکومت سو روزہ ایجنڈے کے تحت قابل عمل منصوبہ بندی کر رہی ہے جس پر عملدرآمدسمیت صوبے میں سیاحت کی ترقی اور نئے اضلاع کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کے سلسلے میں یواین ڈی پی کی تکنیکی معاونت اور تعاون کو خوش آمدید کہیں گے،،،وزیراعلی خیبرپختونخوامحمودخان

بدھ 17 اکتوبر 2018 18:21

مرکزی اور صوبائی حکومت دیرپا قومی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں،محمودخان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا محمو د خا ن کے کہا ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومت دیرپا قومی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں اس سلسلے میں بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے صوبائی حکومت سو روزہ ایجنڈے کے تحت قابل عمل منصوبہ بندی کر رہی ہے جس پر عملدرآمدسمیت صوبے میں سیاحت کی ترقی اور نئے اضلاع کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کے سلسلے میں یواین ڈی پی کی تکنیکی معاونت اور تعاون کو خوش آمدید کہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونائٹیڈ نیشن ڈویلپمنٹ پرو گرام کے کنٹری ڈائریکٹر Ignacio Artazaسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جنہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی۔سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کنٹری ڈائریکٹر نے حکومتی اصلاحات اور پالیسیوں پر عملدرآمد ، نئے اضلاع کی ترقی، معیشت کی بہتری، سیاحت کے فروغ اور آبی وسائل کے تحفظ کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی اور بتایا کہ ان کا ادارہ پہلے سے قومی اور صوبائی دونوں سطح پر کام کر رہا ہے۔کنٹری ڈائریکٹر نے انکشاف کیا کہ گلشیئرز کی مانیٹرنگ کیلئے 13ملین ڈالر کی لاگت سے جدید آلات کی تنصیب کا منصوبہ زیر غور ہے۔

ہم اس سلسلے میںوفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ ملاقات میں باہمی شراکت و تعاون کے ذریعے پہلے سے جاری منصوبوں پر تیز رفتار پیش رفت یقینی بنانے جبکہ آئندہ کیلئے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کنٹری ڈائریکٹر کے تعاون اور معاونت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دیرپا قومی ترقی اور خوشحالی موجودہ حکومت کا غیر متزلزل عزم ہے جسکے لئے بڑے پیمانے پر اصلاحات اور دلیرانہ اقدامات کی ضرورت ہے، ہم ملک اور صوبے کو ترقی کی ایک نئی جہت پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، اصلاحات اور بہتری کے اس مجموعی عمل میں بین الاقوامی شراکت داروں کی معاونت کا رگر ثابت ہو گی ۔

خیبر پختونخوا حکومت کا سو روزہ پلان تکمیل کے مراحل میں ہے جسے تکمیل کے بعد ویب سائٹ پر ڈال دیا جائے گا بلا شبہ اس پلان پر عمل درآمد کیلئے تکنیکی معاونت درکار ہو گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کی بے پناہ استعداد موجود ہے ، سوات۔ ملاکنڈ اور ہزارہ میں متعدد خوبصورت مقامات ہیں جن کی سیاحتی بنیادوں پر ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

قبائلی اضلاع کی قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صحت اور تعلیم کے اداروں کو عملی طور پر نئے اضلاع تک توسیع دے چکے ہیں اضلاع کو عملی طور پر قومی دھارے میں لانے کیلئے متعدد اقدامات زیر غور ہیں مرکزی اور صوبائی سطح پر ٹاسک فورسز تشکیل دی گئی ہیں جو تیز رفتاری سے کام کر رہی ہیں ۔ شدت پسندی سے متاثرہ نئے اضلاع کے عوام کو ریلیف دینا صوبائی حکومت کی ترجیح ہے، اس سلسلے میں دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاہم اس مجموعی عمل میں ترقیاتی شراکت داروں کی معاونت بڑی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت یو این ڈی پی کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط کریگی اورخطے کی ترقی کیلئے مل جل کر کام کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں