وفاقی وزیردفاع پرویز خٹک کے خلاف نیب کا گھیرا تنگ

مالم جبہ ریزارٹ کی زمین اونے پونے داموں لیز پر دینے کے خلاف نیب نے وزیر اعظم کے سیکرٹری اعظم خان کو طلب کرلیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 20 اکتوبر 2018 18:36

وفاقی وزیردفاع پرویز خٹک کے خلاف نیب کا گھیرا تنگ
پشاور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-20 اکتوبر 2018ء) :مالم جبہ ریزارٹ کی زمین اونے پونے داموں لیز پر دینے کے خلاف نیب نے وزیر دفاع پرویز خٹک کے خلاف کاروائیاں تیز کردیں۔نیب نے وزیر اعظم کے سیکرٹری اعظم خان کو طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق نیب آجکل بہت متحرک ہو چکی ہے بالخصوص جب سے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کی باگ ڈور سنبھالی ہے ،نیب نے کرپشن کے خلاف بڑا محاذ کھول دیا۔

ایک جانب شریف خاندان کے خلاف کیسسز تیزی سے منطقی انجام کی جانب جا رہے تودوسری جانب دیگر کرپٹ سیاسی و سرکاری شخصیات کے خلاف تیزی سے کاروائیوں کا سلسہ جاری ہے۔اس حوالے سے خیبر پختونخواہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے گرد بھی گھیرا تنگ ہوچکا ہے۔نیب خیبرپختونخواہ نے مالم جبہ میں سرکاری اراضی فروخت کرنے کے معاملے پر انکوائری مکمل کر لی ہے اور اب اس کیس کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تازہ ترین خبر کے مطابق اس کیس پر مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔نیب نے اس کیس پر مزید انکوائری کے لیے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو 25 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔پرویز خٹک کے دور میں جب مالم جبہ میں زمین لیز پر دی گئی تو اعظم خان اس وقت سیکرٹری سیاحت خیبر پختونخواہ تھے۔اعظم خان کو معلومات حاصل کرنے کی غرض سے نیب کی جانب سے طلب کیا جارہا ہے۔

اعظم خان کو نیب پشاور میں پیش ہونے کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس کیس کے حوالے سے کچھ عرصہ قبل نیب حکام کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک اور دیگر حکام کے بیانات قلمبند کر لئیے گئے ہیں اور اب اس معاملے کو احتساب عدالت میں لے جایا جائے گا ،جس پر احتساب عدالت ہی حتمی فیصلہ سنائے گی۔ واضح ہو کہ چند روز قبل ایک نجی ٹی وی کی اینکر نے فواد چوہدری کے سامنے اس کیس کا اشارہ دیا تھا مگر اس وقت وفاقی وزیراطلاعات نے اسے جھوٹی خبر قرار دیا تھا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں