تحریک انصاف نے جیتی ہوئی ایک اورنشست گنوا دی

پی کے 71میں عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابی میدان مار لیا، اے این پی کے امیدوار صلاح الدین 10523 ووٹوں سے کامیاب جبکہ مدمقابل حکمران جماعت کے امیدوار ذوالفقار خان کوصرف 9084 ووٹ ملے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 21 اکتوبر 2018 20:39

تحریک انصاف  نے جیتی ہوئی ایک اورنشست گنوا دی
پشاور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اکتوبر 2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں جیتی ہوئی ایک اورنشست گنوا دی، پی کے 71میں عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابی میدان مار لیا، اے این پی کے امیدوار صلاح الدین 10523 ووٹوں سے کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل حکمران جماعت کے امیدوار ذوالفقار خان کوصرف 9084 ووٹ ملے۔ غیرحتمی غیرسرکاری نتائج  کے مطابق پی کے 71 پشاورکے 86 میں سے 80 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے تحت اے این پی کے صلاح الدین 10523 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے ذوالفقار خان 9084 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل ضمنی انتخابات2018ء کا انعقاد چودہ اگست کو ہوا۔ ضمنی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں صدر مملکت عارف علوی کی خالی نشست این اے 247 کراچی میں انتخاب ہوا۔

(جاری ہے)

جبکہ خیبرپختونخواہ پی کے 71میں ضمنی انتخاب ہوا۔ انتخابات میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ خیبرپختونخواہ پی کے 71میں تحریک انصاف نے گورنر کے پی شاہ فرمان کے بھائی ذوالفقار خان کو ٹکٹ دیا۔

جبکہ ان کے مدمقابل عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صلاح الدین الیکشن لڑ رہے ہیں۔ضمنی انتخابات کے غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق اے این پی کو تحریک انصاف پر واضح برتری حاصل ہے۔ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کے جماعتوں کے اتحاد سے اے این پی کو بہت زیادہ فائدہ ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی سپورٹ کیا۔

تاہم پی ٹی آئی کے رہنماؤں میں اندرونی اختلافات کے باعث تحریک انصاف نشست جیتنے میں ناکام رہی۔ تحریک انصاف کے امیدوار دلدار خان بھی ٹکٹ کے امیدوار تھے لیکن ان کو ٹکٹ دینے کی بجائے گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کے بھائی کوٹکٹ دے دیا گیا۔ تاہم دلدار خان نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا۔ تاہم پی ٹی آئی کے امیدواروں میں اختلافات کے باعث ووٹ خراب ہوئے۔

جس کا فائدہ اپوزیشن جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار کو پہنچا۔ اگر دیکھا جائے تو چودہ اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی پی ٹی آئی نے اپنی جیتی ہوئی نشستیں گنوا دی ہیں۔ اس کے برعکس حکومت کو ضمنی انتخابات میں حکومتی کارکردگی کے باعث بھی شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت نے اپنے ابتدائی 50دنوں میں ہی مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیا ہے۔ اسی طرح اپوزیشن جماعتوں کے مطابق پی ٹی آئی کی ضمنی انتخابات میں ہار عام انتخابات میں جیت پر سوالیہ نشان ہے۔اپوزیشن کے مطابق عام انتخابات میں پی ٹی آئی دھاندلی کی بدولت جیتی تھی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں