خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(IMF) کے وفد کی ملاقات

منگل 23 اکتوبر 2018 23:03

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(IMF) کے وفد کی ملاقات
پشاور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایک وفد نے پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کی ریذیڈینٹ نمائندہ مس ٹیریسا ڈبن سانچز کی سربراہی میں پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان اور باالخصوص خیبر پختونخوا کی عمومی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے توانائی کی پیداوار کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے،اصلاحات کے ذریعے ٹیکس نظام کو فعال بنانے،سیاحت کو فروغ دینے اورنوجوانوں کی تربیت کے علاوہ روزگار کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں جن کی بدولت نہ صرف سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا ہورہا ہے بلکہ کاروباری طبقے سمیت معیشت سے منسلک دیگر لوگوں کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مس ٹیریسا ڈبن سانچز نے حکومت کی جانب سے اصلاحات کے ذریعے گورننس کو بہتر بنانے اورصوبے کی اقتصادی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے جہاںصوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا وہاں کاروباری طبقے کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ آئی ایم ایف کی ریذیڈینٹ نمائندہ نے شاندار استقبال پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اورخیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے اور کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں