الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مراکز معلومات و شکایات اور ضلعی الیکشن دفاتر کے دفاتر ہفتہ اور اتوار کے دن کھلے ر ہیں گے

کمیشن کی جانب سے عوام سے اپنے ووٹ شناختی کارڈ ز پر درج پتوں پر رجسٹر کرانے کی اپیل

منگل 20 نومبر 2018 15:00

پشاور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) عوام الناس اور رائے دہندگان کی سہولت کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تمام دفاتر میں قائم مراکز معلومات و شکایات اور ضلعی الیکشن کمشنر / رجسٹریشن آفسرز کے دفاتر 31 دسمبر 2018 تک ہفتہ اور اتوار کے دن کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ‘لہذا ہفتہ 17نومبر اور اتوار 18 نومبر 2018 کو یہ مراکز کھلے رہیں گے‘ صوبائی الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے الیکشن کمیشن نے‘ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ کے مطابق درج ہیں سے درخواست کی ہے کہ وہ مندرجہ بالا ایکٹ کی روشنی میں 31 دسمبر 2018 تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق منتقل کروالیں‘ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ یا رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں۔سرکاری ملازم اور اہل خانہ (خاوند /بیوی اور بچی) اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پربھی کرواسکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔

واضح رہے کہ الیکشن رولز 2017 کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذاتِ خود جمع کروائے گا ، بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند /بیوی، بیٹی/دختر بھی جمع کروایا جاسکتا ہے۔ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں‘ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات اور دفاتر ضلعی الیکشن کمشنرز کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں