ہمارے معاشرے میں منشیات کا رجحان عام ہوچکاہے ،نیاز احمدخان

اتوار 9 دسمبر 2018 18:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) پختونخوا ریڈیو سوات سنٹر کے پروگرام ’’د سوات رنگونہ‘‘ میں منشیات کی روک تھام اور نشئی افراد کے علاج کیلئے کام کرنے والی تنظیم ’’نوے ژوند‘‘ کے ڈائریکٹر ریاض احمد حیران مہمان خصوصی تھے میزبان نیاز احمد خان اور عصمت علی اخون نے منشیات جیسے ناسور سے معاشرے کو پہنچنے والے نقصانات سے آگاہی سمیت نوے ژوند کے کام پر سوالات کئے ریاض احمد حیران کا کہنا تھا کہ انکی تنظیم سوات پولیس کے تعاون سے منشیات کے عادی افراد کو اس لعنت سے چھٹکارا دلانے کیلئے بنائی گئی ہے اس وقت کے ڈی پی او اعجاز خان اور انکی اپنی خواہش اور کوشش سے ہم نے یہ کار خیر مشترکہ طور پر شروع کیا ہے انہوں نے کہا کہ اب تک سینکڑوں ایسے مریض ہمارے علاج سے شفایاب ہوئے ہیں جو اس لعنت میں بالکل دھت ہوچکے تھے لیکن اللہ کے فضل اور ہمارے ٹیم ورک سے اب وہ بالکل نارمل زندگی گذار رہے ہیں انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ہمارے معاشرے میں منشیات کا رجحان عام ہوچکاہے اور معاشرے کے زیادہ لوگ اس کے نہ صرف عادی ہیں بلکہ دوسرے لوگوں کیلئے بھی نقصان کا باعث بن رہے ہیں کیونکہ یہ پہلی سیڑھی ہے اس کے بعد چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم اور واقعات انہی لوگوں کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس لعنت کے روک تھام کیلئے والدین کو اپنے بچوں پر نظر رکھنی ہوگی تاکہ وہ غلط لوگوں کی صحبت اور محفلوں سے دور رہیں انہوں نے افسوس سے کہا کہ معاشرے کا ہر تیسرا چوتھا شخص کسی نہ کسی طرح اس دلدل میں پھنسا ہوا ہے اور یہ ایسی دلدل ہے جس سے نکلنا پھر مشکل ہوتا ہے انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ خود بھی اس لعنت سے دور رہیں اور دیگر لوگوں کو بھی دور رہنے کے جتن کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں