خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس،

جائیکاکی سکیموں میں اپوزیشن حلقوں کونظرانداز کرنے پر حزب اختلاف کااحتجاج

بدھ 12 دسمبر 2018 16:51

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس،
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) خیبرپختونخوااسمبلی میں حزب اختلاف کے اراکین نے جائیکاکی سکیموں میں اپوزیشن کے حلقوں کونظرانداز کرنے کیخلاف شدیداحتجاج کرتے ہوئے اپناحق لینے کیلئے اسلام آباد میں پڑائوڈالنے کااعلان کیاہے۔ اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے نکتہ اعتراض پر کہاکہ وزیراعلیٰ محمودخان کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میںڈیڈک کی تعیناتی چیئرمین، ترقیاتی منصوبوں،کلاس فوربھرتی اوردیگرامورسے متعلق کچھ باتیں طے ہوئی تھیں لیکن حکومت اپنے وعدے پوری نہیں کررہی اگر حکومت نے اپوزیشن کے ترقیاتی فنڈز سے متعلق رویہ نہ بدلا تو متعلقہ وزیر اور وزیر اعلی کے دفاتر کے باہر احتجاج کریںگے۔

انہوں نے کہاکہ صرف حکومتی ایم پی ایز بلکہ اپوزیشن ممبران کے حلقوں میں بھی ترقیاتی کام کرنا چاہیے، صوبے میں سرکاری افسران کام نہیں کرتے، سینئر افسران کو کھڈے لائن کیا ہے افسران پر سیاسی پارٹیوں سے تعلق کا الزام لگا کر سائیڈ لائن کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے این پی کے لائق محمد خان نے کہاکہ میرے حلقہ تورغر کو فنڈز نہیں دیے گئے تو ہرحال میں عدالت جاؤنگا۔

اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردارحسین نے کہاکہ گزشتہ دورحکومت میں اپوزیشن کو پانچ سال تک دیوارسے لگایاگیا، عوام اپنے حلقے کا حق مانگ رہے ہیں، صوبے کی تقسیم کے حوالے سے جوفارمولہ ہیں اس میں اپوزیشن کو نظرانداز کیاجارہاہے۔ سردارحسین کے مطابق جائیکاپراجیکٹ کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے پہلے فیز میں604کلومیٹر سڑکیں بنے گی لیکن اپوزیشن کے حلقوں کواس میں شامل نہیں کیاگیاہے، یہ سلوک جاری رہا توایک گھنٹہ ضائع کئے بغیر عدالت جائیںگے، اس سلسلے میں وکلاء پینل تشکیل دیاجاچکاہے اور اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈروں کے ساتھ معاملات طے ہوچکے ہیں جلداسلام آباد جاکراپناحق لائیں گے۔

پی پی کے صاحبزادہ ثناء اللہ نے کہاکہ جائیکا پراجیکٹ بیرونی امداد ہے یہ ذات کے نام پر نہیں بلکہ ملک کی ترقی کیلئے دیاجارہاہے اپوزیشن کو نظراندازکرناناانصافی ہوگی ۔بعدازاں صوبائی وزیرخوراک قلندرلودھی نے یقین دہانی کرائی کہ اراکین میںبرابری کی بنیادوں سکیمیں تقسیم کی جائیں گی وزیراعلیٰ تک اپوزیشن کے خدشات پہنچائینگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں