صوبائی حکومت انفراسٹرکچر کی ترقی و بہتری پر کام کر رہی ہے،وزیراعلیٰ محمودخان

بدھ 12 دسمبر 2018 23:09

صوبائی حکومت انفراسٹرکچر کی ترقی و بہتری پر کام کر رہی ہے،وزیراعلیٰ محمودخان
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے خوبصورت اور قابل دید علاقوں کو جانے والی سڑکوں کی توسیع کیلئے زمین کے حصول کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ ان علاقوں کو سیاحتی خطوط پر فروغ دیا جا سکے،صوبائی حکومت صوبہ بھر میں انفرسٹرکچر کی ترقی و بہتری پر کام کر رہی ہے، انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے صوبے کی دیہی سڑکوں کی تعمیر نو و بحالی کے منصوبے کی اصولی منظوری دی ہے اور منصوبے کا بنیادی خاکہ پراونشل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جسے منظوری کے بعد مرکزی ورکنگ ڈیویلپمنٹ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) میں پیش کیا جائے گا۔

وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات شہاب علی شاہ، ایشیائی ترقیاتی بنک کے نمائندوں و دیگر متعلقہ حکام نے اجلا س میں شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبر پختونخوا نے دیہی سڑکوں کی بحالی کا بنیادی خاکہ تیار کر لیا ہے ، صوبے کے مختلف ہائی ویز سے دیہات کو جانے والی مختلف سڑکوں کی تعمیر نو و بحالی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،اس منصوبے میں پہلے سے موجود سڑکوں کی مرمت و بحالی کو ترجیح دی جائے گی، ایشیائی ترقیاتی بنک منصوبے کی پری فیزیبلٹی اور فیزیبلٹی میں تعاون کرے گا،نئے قبائلی اضلاع کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جا رہا ہے،اجلاس کو کھیتوں سے منڈی تک رسائی کیلئے سڑکوں بشمول صوبے میں ایک ہزار کلومیٹر مختلف روڈز کی تعمیر و بحالی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے اس منصوبے کو بلا تاخیر پی ڈی ڈبلیو پی میں پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسکی منظوری کے بعد اسے سی ڈی ڈبلیو پی میں پیش کیا جا سکے، انہوں نے دیہی سڑکوں کی بحالی کے اس اہم منصوبے پر تیز رفتار کام کرنے کی ضرورت سے اتفاق کیا اور کہا کہ اس اقدام سے دیہی علاقوں کے عوام کی سماجی و معاشی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی اور مقامی سطح پر تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔

علاوہ ازیں دیہات کی سطح پر کاشکاروں اور کسانوں کو منڈی تک آسان رسائی بھی میسر آئے گی۔انہوں نے روڈ کمیونیکیشن کے منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے مذکورہ بنک کے کے تعاون سے صوبے میں جاری دیگر سکیموں کے سلسلے میں ایشیائی ترقیاتی بنک کو سہولت فراہم کرنے اور مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی اور کہا کہ اے ڈی بی کی اس صوبے کے ساتھ طویل شراکت ہے،صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے، ہم ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ منصوبوں کا تیز رفتار نفاذ چاہتے ہیں۔

محمود خان نے صوبے کے مختلف حصوں میں خوبصورت علاقوں کو بھی سیاحوں کیلئے کھولنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیاحت مستقبل قریب میں صوبائی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیار کرنے جا رہی ہے۔سیاحت کے فروغ سے نوجوانوں کیلئے وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، معاشی سرگرمیوں کو تسلسل ملے گاجو صوبے کی مجموعی معاشی ترقی کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں