وزیراعظم عمران خان نے پشاورمیں شیلٹر ہوم کا افتتاح کردیا

شیلٹر ہوم کے افراد کولانے کیلئے خصوصی طور پرچار بسیں چلائی جائیں گی،شیلٹر ہوم میں رہائشیوں کو کھانا بھی دیا جائے گا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 دسمبر 2018 15:21

وزیراعظم عمران خان نے پشاورمیں شیلٹر ہوم کا افتتاح کردیا
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے ہیں، وزیراعظم عمران خان گورنرہاؤس پشاور میں پارٹی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے بعد پشاور میں بھی ناداروں اور بے گھر بے سہارا افراد کیلئے شیلٹر ہوم کا افتتاح کردیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور گورنرکے پی بھی تھے۔ وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے ہیں ۔جہاں پر عمران خان آج پارٹی اور حکومتی عہدیدران کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ اجلاس میں صوبے میں عوامی منصوبوں اور ترقیاتی پروگراموں اور 100روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شیلٹر ہوم کے افراد کولانے کیلئے خصوصی طور پرچار بسیں چلائی جائیں گی۔

جو شہر سے تمام بے سہارا افراد کو اس شیلٹر ہوم تک پہنچائیں گی۔ شیلٹر ہوم میں لوگوں کو کھانا بھی دیا جائے اور بہترین رہائش کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔شیلٹر ہوم میں دومنازل ہیں ۔متعدد کمرے بنائے گئے ہیں ، وسیع سرکاری رقبے پر شیلٹر ہوم بنایا گیا ہے۔ اسی طرح وزیراعظم کی گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات ہوگی جبکہ وزیراعظم صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی دوسری مرتبہ اقتدار میں انے کے بعد پہلے 100 دنوں کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجتماع میں شرکت اور خطاب بھی کریں گے۔ واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پانچ شیلٹر ہومز کا افتتاح کیا۔ ان شیلٹر ہومز میں لوگوں کو رہائش کے ساتھ کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں