صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع میں مکمل گورننس سٹرکچر کو حتمی شکل دے رہی ہے،اجمل خان وزیر

اتوار 16 دسمبر 2018 17:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان محمد اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع میں مکمل گورننس سٹرکچر کو حتمی شکل دے رہی ہے، وزیر اعلیٰ محمود خان جلد ضم شدہ اضلاع کا دورہ کریں گے اور یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی پیکچ کا اعلان کریں گے۔ اپنے دفتر میں ضم شدہ ضلع وزیر ستان کے جرگے سے بات چیت کرتے ہوئے اجمل خان وزیر نے کہا کہ سابقہ قبائلی اضلاع کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا 95فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

مختلف محکموں کے ڈائریکٹوریٹس پہلے ہی صوبائی محکموں میں ضم کئے جا چکے ہیں اور ضم شدہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کر انے کے لیے ہوم ورک ہو رہا ہے اور حلقہ بندیوں کے لیے الیکشن کمیشن کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے لیے این ایف سی میں مختص سو ارب روپے سے زیادہ بجٹ انہی اضلاع میں انفراسٹرکچر اور عوام کو تعلیم، صحت ، ٹورزم، زراعت اور دیگر شعبوں میں عوامی سہولیات پر خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کو روزگار سے محروم نہیں کر ے گی بلکہ ہزاروں کی تعداد میں نئی بھرتیاں بھی کی جائیں گی اور مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عمر کی حد اور تعلیمی قابلیت میں رعایت بھی دی جائے گی تاہم اجمل خان وزیر نے کہا کہ نو کریوں سے غائب افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ اب کوئی سرکاری اہلکار گھر بیٹھے تنخواہ نہیں لے سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بلا سود قرضے جاری کئے جائیں گے اور تعلیمی اداروں میں ضم شدہ اضلاع کے طلبہ کا کو ٹہ بھی دگناکر دیا گیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں