سوات میں ترقی کا عمل پوری تیزی کے ساتھ جاری رہے گا،محب اللہ

اگلے چند برسوں میں یہاں سے پسماندگی اور غربت کا نام و نشاں بھی مٹ جائے گا سواتی عمران خان کا احسان ہمیشہ یاد رکھیں گے،وزیرزراعت خیبرپختونخوا

اتوار 16 دسمبر 2018 18:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت، افزائش حیوانات و امداد باہمی محب اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ محمود خان پر ایک بار پھر بھرپور اعتماد کا اظہار کرکے اہل سوات کے دل دوبارہ خوش کر دئیے ہیں اور ہمیں یقین ہوگیا ہے کہ سوات میں ترقی کا عمل پوری تیزی کے ساتھ جاری رہے گا اور اگلے چند برسوں میں یہاں سے پسماندگی اور غربت کا نام و نشاں بھی مٹ جائے گا سواتی عمران خان کا احسان ہمیشہ یاد رکھیں گے تحصیل مٹہ کے دور افتادہ گاؤں ناؤونہ یوسی شور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ پورے سوات کی طرح نہ صرف اس پسماندہ گاؤں بلکہ حلقہ پی کے آٹھ کے تمام دیہات اور قصبوں کو ترقی دیکر پورے صوبے کا ماڈل حلقہ بنا دیا جائے گا اور یہاں غربت اور بیروزگاری قصہ پارینہ بن جائے گی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا سو روزہ پلان بن چکا ہے اوروزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق تمام محکموں اور شعبوں میں پانچ سالہ ترقیاتی اہداف مقرر کردیئے گئیں ہیں اگلے چند ہفتوں میں دونوں صوبائی اور وفاقی حکومتیں مل کر عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے روزگار اور ترقی پر مبنی نء سکیمیں متعارف کروا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ سوات میں صنعتی احیاء کے علاؤہ چھوٹی گھریلو صنعت، زراعت و باغبانی اور ڈیری پراڈکٹ و ڈویلپمنٹ کے بے شمار منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ یہاں کے لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکے محب اللہ خان نے کہا کہ سوات میں سیاحت اور زراعت و ماحولیات کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی اور اسے حقیقی معنوں میں ایشیا کا سوئٹزرلینڈ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی انہوں نے گاؤں میں گلی کوچوں کی تعمیر و مرمت سمیت کئی ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا اور سپاسنامہ میں پیش کردہ دیگر تمام مسائل و مطالبات کے مناسب ازالہ کا یقین دلایا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں