عدالتوں کا احترام کرتے ہیں‘ مالم جبہ اراضی کیس سے کوئی تعلق نہیں‘وزیراعلیٰ

کیس سے متعلق کسی دستاویز پر میرے دستخط نہیں‘ مجھے کوئی سوال نامہ نہیں دیاگیا‘ نیب میں پیشی کے بعد وزیراعلیٰ کی میڈیا سے گفتگو

پیر 17 دسمبر 2018 15:12

عدالتوں کا احترام کرتے ہیں‘ مالم جبہ اراضی کیس سے کوئی تعلق نہیں‘وزیراعلیٰ
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے کہاہے کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں‘ اور نیب کے نوٹس کی پیروی ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ پیر کو نیب خیبرپختونخوا میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے محمود خان نے کہاکہ انہیں مالم جبہ اراضی لیز سے متعلق معاملے میں گواہ کی حیثیت سے بلایاگیاہے‘ تاہم وہ یہ نہیں جانتے کہ اس اراضی کی لیز دیتے وقت وہ صوبائی وزیراعلیٰ تھے بھی یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیب حکام نے مجھ سے مالم جبہ اراضی سے متعلق پوچھ گچھ کی اورمیں نے انہیں بتایاکہ اس کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے کوئی سوال نامہ نہیں دیاگیا اور جوکچھ پوچھا گیا اس کاجواب میں نے موقع پر ہی نیب حکام کو دیدیا۔ انہوں نے کہاکہ اس کیس سے متعلق کسی بھی دستاویز پر میرے دستخط نہیں ہیں اور میں نے ابھی تک کیس کو پڑھا بھی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے مجھے کلین اینڈ کلیئر چٹ دیدی ہے‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ نیب میں آپ کی پہلی اور آخری پیشی تھی تو وزیراعلیٰ نے جواب دیا کہ جی ہاں بالکل ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں