کم سن موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے‘حاجی میاں ارشد جاوید گوڑواڑہ

پیر 17 دسمبر 2018 15:40

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) ایکشن کمیٹی تاجران پشاور کے ایگزیکٹیو رکن حاجی میاں ارشد جاوید گوڑواڑہ نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ کم سن موٹرسائیکل چلانے والوں اور ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف موثرکارروائی کی جائے۔ پیر کوایکشن کمیٹی تاجران پشاور کے زیر اہتمام پشاور سٹی میں ٹریفک بالخصوص موٹرسائیکلوں کی تیز رفتاری کے باعث رونما ہونے والے حادثوں کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس سٹی آفس چوک یادگار میں منعقدہوا جس میں معززین شہر ملک عبدالرشیدآفریدی‘ سالار مہمند‘حسنین گوڑواڑہ‘ فرید چانڈسنگھ ‘کامران صادق مسیح‘ جہانزیب شنواری ‘شاہجہان آفریدی اور سردار امجد علی نے شرکت کی۔

میاں ارشد جاوید نے کہاکہ اندرون شہر مین بازاروں میں اور گلی کوچوں میں کم سن موٹرسائیکل چلانے والوں کی تیزرفتاری کے باعث خواتین اور بچوں سمیت کئی راہ گیر جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں جبکہ موٹرسائیکلوں کی چیکنگ نہ ہونے کے باعث یہ ٹارگٹ کلنگ ‘راہزنی اور دہشت گردی کے واقعات میں استعمال ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاکہ موٹرسائیکلوں کیخلاف موثر مہم چلانا ناگزیر ہے کیونکہ اس سے ایک طرف قانونی اور غیر قانونی موٹرسائیکلوں کا پتہ چل جائے گا اور جرمانوں سے قومی خزانے میں ایک کثیر رقم آجائے گی جبکہ اس کیساتھ ساتھ جرائم کی وارداتوں میں کمی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں