خیبرپختونخوا جلد تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا ، صوبائی پولیس ملکی سطح پر پیشہ ورانہ فورس کے طورپر سامنے آئی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے 1600 جوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں ، وزیراعلی محمود خان کا ھنگو میں تقریب سے خطاب، میڈیا سے گفتگو

منگل 18 دسمبر 2018 15:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا پولیس ملکی سطح پر پیشہ ورانہ فورس کے طورپر سامنے آئی ہے‘ منگل کو پولیس ٹریننگ کالج ھنگو میں تقریب سے خطاب کررہے تھے‘ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ہمیشہ پولیس فورس کو ہرقسم کی مداخلت سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں اور ان ہی کے ویژن کے تحت گزشتہ دور میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ایسی پولیس ریفارمز کیں جن کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کردیاگیا ہے اور پورے ملک کیلئے ایک مثالی فورس بنادیاگیا‘ انہوں نے کہاکہ مذکورہ اصلاحات کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کو انتظامی اور مالی خودمختاری حاصل ہوئی‘ جس کی وجہ سے پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی اور صوبے کے عوام میں بھی ان اصلاحات کو سراہا‘وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس کو عوام دوست بنانے کیلئے مزید اقدامات بھی لیے جارہے ہیں‘ انہوں نے کہاکہ صوبے میں شامل ہونے والے نئے اضلاع میں پولیس کی تعیناتی ایک اہم ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کی تکمیل کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کیاجارہاہے ‘ھنگو میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سات نئے اضلاع میں پولیس فورس کی تعیناتی سے فورس کو بھی کئی چیلنجز کا سامنا کرناہوگا اور توقع ہے کہ فورس یہ ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائے گی ‘ انہوں نے کہاکہ صوابی اور سوات میں بھی پولیس ٹریننگ سکول بنائے گئے ہیں جن کا مقصد پولیس کی استعدادکاراور تربیت کے عمل کو جدید خطوط سے ہم آہنگ کرناہے‘ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تمام ادارے اگر خود کو جوابدہ اور عوام کا خادم سمجھتے ہوئے کام کریں تو ان اداروں سے متعلق عوامی شکایات دور ہوسکتی ہیں‘انہوں نے کہاکہ جب ادارے عوام کو سہولت فراہم کریں گے‘ تو حکومت بھی ان کی سرپرستی میں پیش پیش ہوگی‘ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ھنگو پولیس کی نفری میں اضافہ کیاجائے گااور جدید اسلحہ بھی فراہم کیاجائے گا‘ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے 1600جوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں ‘اور یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائیگی‘انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور یہ صوبہ جلد تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا‘انہوں نے کہاکہ ہماری حکمرانی کی عمارت سزا اورجزا ء کی بنیاد پر کھڑی ہے‘ انہوں نے کہاکہ پولیس میں این ٹی ایس سسٹم کے تحت بھرتیاں کررہے ہیں اور افسران کی تعیناتی بھی میرٹ پر کررہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں