قبائلی اضلاع میں انتخابات‘ ووٹرز رجسٹریشن مراکز قائم

ان مراکز میں 29 جنوری تک اندراجات کیے جاسکیں گے‘ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا

پیر 21 جنوری 2019 15:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) خیبر پختونخواہ اسمبلی کے حلقوں 100سے 115 میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر قبائلی اضلاع اور ایف آرز میں الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج و منتقلی کے لیے مراکز قائم کردیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ان مراکز میں شہری 10 جنوری 2019 ء سے 29 جنوری تک اپنے ووٹ کو اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق درج کراسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ قومی،صوبائی یا بلدیاتی الیکشن کے انتخابات کے شیڈول جاری ہونے تک رائے دہندگان اس حلقہ انتخاب میں اپنے ووٹ کو درج یا منتقل کرواسکتے ہیں، الیکشن کا شیڈول جاری ہونے پر اس حلقے کی انتخابی فہرستیں منجمد کردی جاتی ہیں۔ترجمان کے مطابق الیکشنز ایکٹ2017 ء کے سیکشن 27 کے مطابق ایسے تمام رائے دہندگان جن کا ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ پر درج تھا ان کو 31 دسمبر 2018 ء تک سہولت دی گئی تھی کہ وہ اپنے ووٹ کو شناختی کارڈ پر درج کسی بھی پتہ پر منتقل کروالیں ،ایسے تمام رائے دہندگان جو اس سہولت کے پیش نظر اپنے ووٹ کو منتقل نہیں کرواسکے ہیں ان کے ووٹ مذکورہ بالا قانون کی روشنی میں غیر موثر ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے پیش نظرآئین کی شق(219ای) اور الیکشنز ایکٹ 2017 ء کے سیکشن 36 میں دیے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ ووٹ کے بنیادی حق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اوررائے دہندگان کے ووٹ کے اندراج کو شناختی کارڈ پر درج پتوں کے مطابق منتقل کیا جاسکے ۔ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے اس عمل میں ایسے تمام ووٹ جو کہ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ پر درج ہیں، کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کو شناختی کارڈ پر درج پتوں پر منتقل کیا جائے گا ۔

اس عمل کے دوران رائے دہندگان کو بھی یہ سہولت دی جارہی ہے کہ وہ شناختی کارڈ پر درج کسی بھی پتہ کے مطابق اپنا ووٹ منتقل کرواسکیں جس کے لیے وہ رجسٹریشن افسر /ضلعی الیکشن کمشنر یا اسسٹنٹ رجسٹریشن افسر کے دفاتر میں28 فروری 2019ء تک فارم نمبر 21 جمع کرواسکتے ہیں۔رائے دہندگان مزید معلومات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk اور دفتر ضلعی الیکشن کمشنر سے رابطہ کریں ۔

مزید براں ضلع میں قائم مرکز معلومات و شکایات کا رابطہ نمبر اور ووٹ کے اندراج کی معلومات اپنا شناختی کارڈ نمبر8300 پر ایس ایم ایس کرکے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں ۔الیکشنز ایکٹ 2017 ء کے سیکشن 25 کے مطابق نئے شناختی کارڈ بنانے والے شہری شناختی کارڈ بناتے وقت اپنے مستقل یا عارضی / موجودہ پتہ کو ووٹ اندراج کے لیے منتخب کرسکتے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں