چینی خارجہ پالیسی کسی ملک کوکنٹرول کرنے کی نہیں، چینی سفیر

پاکستانی عوام کوکم از کم چین کو سمجھنا ہوگا، بعض لوگ سمجھتے کہ سی پیک پاکستان کو کنٹرول کرنے کا ماڈل ہے، بدقسمتی سے مغربی میڈیا سی پیک پر اسطرح کا پروپیگنڈا کررہا ہے۔ چینی سفیریاؤجنگ کی پشاور میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 جنوری 2019 18:07

چینی خارجہ پالیسی کسی ملک کوکنٹرول کرنے کی نہیں، چینی سفیر
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جنوری2019ء) چین نے پاکستان میں پسماندہ علاقوں پر زیادہ توجہ دینے کا اعلان کردیا۔ چینی سفیریاؤجنگ نے کہا کہ پاکستانی عوام کوکم از کم چین کو سمجھنا ہوگا، بعض لوگ سمجھتے سی پیک پاکستان کو کنٹرول کرنے کا ماڈل ہے، بدقسمتی سے مغربی میڈیا سی پیک پر پروپیگنڈا کررہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے سفیریاؤجنگ نے ایئریا اسٹڈی سینٹرجامعہ پشاور کے دورے کے موقعے پر کہا کہ پاکستان میں سی پیک کے تحت22 پراجیکٹس پرکام جاری ہے۔

سی پیک میں کم ترقی یافتہ علاقوں پرزیادہ توجہ دی جائے گی۔ چینی سفیریاؤجنگ نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کوکم از کم چین کو سمجھنا ہوگا۔ بعض لوگوں کی نظرمیں سی پیک پاکستان کو کنٹرول کرنے کا ماڈل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین کی خارجہ پالیسی کسی ملک کوکنٹرول کرنے کی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے کہا کہ بدقسمتی سے مغربی میڈیا سی پیک کے حوالے سے اس طرح کا پروپیگنڈا کررہا ہے۔

مزید برآں اسی طرح گزشتہ روز پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات چین ،پاکستان اقتصادی راہداری سمیت دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ چین پاکستان دوستی دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں جڑ پکڑ چکی ہے۔

گزشتہ سال نومبر میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے چین کا کامیاب دورہ کیا اور دونوں ممالک کی قیادت کے مابین اہم ملاقاتیں ہوئیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے بیجنگ اور کابل میں ہونے ہونے والی ملاقاتیں کافی سود مند رہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے دوطرفہ باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے، پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان چین کی مضبوط حمایت و امداد پر چین کا شکر گزار ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعموں میں چین کی معاونت کا خیر مقدم کرتا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں