نیب: پرویزخٹک اور مشتاق غنی کیخلاف تحقیقات کا آغاز

دونوں رہنماؤں نے پاک آسٹریا انسٹیٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی میں میرٹ کو نظر انداز کیا، تحقیقات میں سابق چیف سیکرٹری امجد علی خان بھی شامل، پرویز خٹک کے خلاف مالم جبہ اراضی کیس پہلے ہی زیرتفتیش ہے، ترجمان نیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 فروری 2019 16:56

نیب: پرویزخٹک اور مشتاق غنی کیخلاف تحقیقات کا آغاز
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری2019ء) نیب نے وزیردفاع پرویزخٹک اور اسپیکرخیبرپختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی کیخلاف تحقیقات شروع کردی ہیں، ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں پر الزام ہے کہ انہوں نے پاک آسٹریا انسٹیٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی میں میرٹ کو نظر انداز کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی احتساب بیورو پشاور نے پی ٹی آئی کے وزیر دفاع پرویز خٹک، اسپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی اور سابق چیف سیکرٹری امجد علی خان کیخلاف انکوائری کی شروع کردی ہے۔

تینوں پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016ء میں پاک آسٹریا انسٹیٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی میں نہ صرف میرٹ کو نظر انداز کیا بلکہ اپنے اختیارات سے بھی تجاوزکیا۔ پرویز خٹک نے بطور وزیراعلیٰ کے پی کے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا تھا۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک کیخلاف نیب میں مالم جبہ اراضی کیس کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔ اس سے قبل نیب نے آف شور کمپنیوں کے الزام میں پی ٹی آئی کے سابق سینئر صوبائی وزیر پنجاب علیم خان کو گرفتار کر رکھا ہے۔

علیم خان جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔ دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیرصدارت اجلاس میں نیب ایگزیکٹو بورڈ  نے مختلف سیاسی رہنماوٴں اور افسران کے خلاف 13 انکوائریوں اور 7 کیسز کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اجلاس میں احتساب عدالت میں تین ریفرنسزبھی دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلامیہ نیب میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کی زیرصدارت اجلاس میں سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین اوراسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے خلاف تین کیسز میں تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

اسی طرح رہنماء پیپلزپارٹی حناربانی کھراور غلام ربانی کھر، ن لیگی رہنماء صدیق الفاروق کیخلاف بھی انکوائریز شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نیب نے سابق ایم ڈی بیت المال شیخ عابد وحید کے خلاف بھی انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسی طرح سابق چیرمین سی ڈی اے کامران لاشاری اور دیگر افسران کیخلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ سابق سیکرٹری شاہد رفیق کیخلاف ریفرنس کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے جن لوگوں کے خلاف انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے انہیں جلد نوٹسز بھیج کر انکوائری کیلئے بلائے جانے کا امکان ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں