خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی عوامی شکایات پر کارروائی، حیات آباد اتوار بازار میں اشیائے خوردنوش کی چیکنگ

دو سو فوڈسٹالز کو وارننگ اور نوٹس جاری کئے جبکہ سینکڑو ںلیٹر مضر صحت مشروبات اور کھلے مصالحہ جات تلف کئے

اتوار 17 فروری 2019 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈاتھارٹی نے عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے حیات آباد اتوار بازار میں واقع فوڈ سٹالز کی چیکنگ کی جبکہ فوڈ سیفٹی رولز کی خلاف ورزی پر دو سو سٹالز کو وارننگ و اصلاحی نوٹس جاری کئے ۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود نے یہاں سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کے پی فوڈ اتھارٹی عوامی شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لاتی ہے اور عملہ ہفتہ اور اتوار کو بھی کریک ڈاونز میں مصروف رہتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے دن رات اپریشنز جاری ہیں اور دس ماہ کی قلیل مدت میں فوڈ اتھارٹی نے عوامی اعتماد اور پزیرائی حاصل کرلی ہے۔ اتوار بازار کریک ڈاون میں دس سے زائد عملے نے حصہ لیا جس میں تین خواتین اور سات مرد افسران شال تھے۔

(جاری ہے)

اتوار بازار اپریشن کی سربراہی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر مراد علی کا کہنا تھا کہ بازار میں کھلے مصالحے اور دیگر مضر صحت اشیا ء کی سرعام فروخت پر سخت نوٹس لیا گیا ہے اور دو سو سے زائد فوڈسٹالز کو وارننگ و اصلاحی نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی مارکیٹوں میں فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاون صوبہ بھر میں جاری ہے اور اس سلسلے میں تمام ٹیموں کو متحرک کیا گیاہے اور صوبہ بھر میں عوامی مقامات پر کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں جس کے دوران عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے اور اشیائے خوردونوش سے وابستہ افراد کو متنبیہ کیا جارہا ہے۔ اپریشن میں خواتین ونگ کی سربراہی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی سائرہ نثار کا کہنا تھا کہ خواتین گھریلو ضروریات کیلئے اتوار بازار کا رخ کرتی ہیں جبکہ مضر صحت اشیا کی فروخت سے عوامی صحت کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گلی سڑی مچھلیوں کو بغیر برف کے فروخت کیا جارہا تھا جبکہ کھلے مصالحہ جات کی بھرمار سے معدے کے امراض پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔سائرہ نثار کا یہ بھی کہنا تھا کہ اتوار بازار میں پانی کی عدم دستیابی سے مضر صحت مشروبات کے فروخت کو فروغ مل رہی ہے اور متعلقہ ادارے اس بات کا نوٹس لیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے اتوار کو دوبارہ کریک ڈاون ہوگا جس کے دوران سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد علی کا آپریشن بارے کہنا تھا کہ عوام کو مضر صحت گوشت اور مرغیاں کھلائی جارہی ہیں جبکہ عوام خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام زیادہ سے زیادہ شکایات درج کرکے ملاوٹ کرنے والوں کا محاصرہ کریں۔ آپریشن کے دوران سینکڑوں لیٹر مضر صحت مشروبات موقع پر تلف کی گئیں جبکہ کھلے مصالحہ جات اور نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال پر مصالحہ سٹالز سے بھاری مقدار میں مصالجات تلف کئے گئے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں