پشاورمیٹروبس منصوبے میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث سڑک تالاب بن گئی

بارش کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ جھیل کا منظر پیش کرنے لگی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 19 مارچ 2019 21:07

پشاورمیٹروبس منصوبے میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث سڑک تالاب بن گئی
پشاور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19مارچ2019ء) پشاور میٹرو بس منصوبے میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے بعد پشاور روڈ پر پانی کھڑا ہو گیا ، انڈر پاس میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے کئی دوکانوں میں سیورج کا پانی داخل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں نکاسی آب کا نظام نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے میٹرو کے اردگرد موجود شاہراہوں پر پانی کھڑا ہو گیا۔

یونیورسٹی روڈ پر سیورج اور بارش کا پانی کھڑا ہو گیا جس سے سینکڑوں گاڑیاں اس پانی میں پھنس گئیں۔ آبدرہ سٹاپ پر بھی انڈر پاس میں سیورج کا پانی کھڑا ہو گیا اور18دوکانوں کے اندر بھی گندہ پانی داخل ہو گیا جس سے بازار میں تعفن پھیل رہا ہے۔ بارش کے بعد پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک اہلکاروں کو بھی ٹریفک رواں رکھنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور گاڑیوں کے پانی میں پھنسنے کی وجہ سے ٹریفک بھی جام ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

بارش کے بعد شہر کے کئی نشیبی علاقے بھی زیرِ آب آگئے ہیں اور ان تمام حالات مین کوئی حکومتی یا سرکاری نمائندہ بھی موقع پر نہیں پہنچا۔ یاد رہے کہ پشاور میں میٹرو بس منصوبے کا افتتاح 23مارچ کو یومِ پاکستان کے دن کیا جائے گا لیکن بارش کے بعد وہاں پانی کھڑا ہونے سے منصوبہ بنانے والوں اور انتظامیہ کا پول کھل گیا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے اب یہ مسئلہ جلد حل بھی نہیں کیا جاسکے گا۔ اہلِ علاقہ بارش کے بعد شدید مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں اور انہوں نے انتظامیہ سے اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کی درخواست کی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں