سینئر صوبائی وزیر کھیل و سیاحت محمد عاطف کی کوششوں سے مردان میں دو فریقین کی پرانی دشمنی دوستی میں بدل گئی

ہم مسلمان سب بھائی بھائی ہیں اور آپس میں اخوت اور بھائی چارہ قائم کرکے ہی ایک پر امن اور خوشحال معاشرے کے قیام کا خواب شرمندہ تعمیر ہوسکتا ہے،سینئروزیرکھیل وثقافت خیبرپختونخوا

بدھ 20 مارچ 2019 17:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) سینئر صوبائی وزیر کھیل و سیاحت محمد عاطف خان اور جرگہ ممبران کی کوششوں سے مردان میں دو فریقین کی پرانی دشمنی دوستی میں بدل گئی ہے۔سینئر وزیر نے دونوں فریقین کو آپس میں بغل گیر کرکے عرصہ دراز سے جاری دشمنی کا خاتمہ کردیا۔اس موقع پر سینئر وزیر نے کہا ہے کہ ہم مسلمان سب بھائی بھائی ہیں اور آپس میں اخوت اور بھائی چارہ قائم کرکے ہی ایک پر امن اور خوشحال معاشرے کے قیام کا خواب شرمندہ تعمیر ہوسکتا ہے۔

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تعمیر و ترقی کیساتھ ساتھ فلاحی کاموں پر اپنی بھر پور توجہ دے رکھی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلام دستہ چاٹو چوک ہوتی مردان میں دو فریقین کے مابین راضی نامہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

یہ راضی نامہ فریق اول سابقہ یوسی ناظم رحیم شاہ، نور سید شاہ، فیروز شاہ اور فریق دوم مقصود خان، نہار خان ولد طاہر خان عرف انڈر کاکا کے مابین طے پایا گیا، فریقین کے مابین تقریباًعرصہ 11سال سے پرانی دشمنی چلی آرہی تھی جوکہ جرگہ کے ممبران سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان، طارق آریانی، قاری احسان، مولانا صاحب حق عرف شیوہ مولائی صاحب اور نواسہء محب بابا جی کی کوششوں سے دونوں فریقوں میں صلح ہوگئی اور دشمنی دوستی میں بدل گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر مردان اسد اللہ، ضلع نائب ناظم اسد علی کشمیری اور سابقہ ضلع ناظم حمایت اللہ مایار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دونوں فریقین نے جامع مسجد غلام دستہ ہوتی مردان میں کلام پاک پر ہاتھ رکھ آئندہ کے لئے تمام پرانی عداوتوں کو ختم کرنے کا عہد کیا۔ اور آپس میں بغل گیر ہوگئے۔ تقریب سے سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نفرتیں اور دشمنیاں پالنے سے معاشرے پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور جرائم کا رجحان زیادہ ہوجاتا ہے۔

جس کی وجہ سے معاشرے میں بھگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام کو درخواست کی کہ اگر آپ کے ارگرد اور پڑوس میں کہیں بھی دشمنیاں وغیرہ ہو تو انکے مابین انصاف کیساتھ راضی نامہ کے لئے مخلصانہ کوششیں کریں، تاکہ معاشرے سے نفرتوں اور رنجشوں کا خاتمہ ہو۔ یہ بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر جرگہ ممبران نے بھی عوام سے درخواست کی کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر دشمنی کرنے سے گریز کریں۔معمولی اختلافات پر ایک دوسرے سے دشمنی کرنا انسانیت کی بربادی ہے۔امن اور بھائی چارے سے ہی ایک اچھے اور خوشحال معاشرہ کا وجود عمل میں لایا جاسکتا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں