پشتون تحفظ موومنٹ کو ساتھ لے کر قبائلی اضلاع کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ،اجمل وزیر

صوبائی حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع کے لیے قائم مشاورتی کمیٹی نے پشتون تحفظ موومنٹ کی اجتماعی قیادت سے مذاکرات شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے جو باقاعدہ طور پر 26 مارچ سے پشاور میں شروع ہوںگے ،،ترجمان خیبرپختونخوا حکومت

بدھ 20 مارچ 2019 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع کے لیے قائم مشاورتی کمیٹی نے پشتون تحفظ موومنٹ کی اجتماعی قیادت سے مذاکرات شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے جو باقاعدہ طور پر 26 مارچ سے پشاور میں شروع ہوںگے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد قبائلی اضلاع کے ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ پی ٹی ایم کے ساتھ مذاکرات کا واحد مقصد ان کے جائز مطالبات کا بر وقت ازالہ کرنااور قبائلی عوام کے مسائل حل کرناہے انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی ایم والے ہمارے بھائی ہیں ان کے ساتھ مل کر قبائلی اضلاع کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں حکومت خیبرپختونخوا کے ترجمان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے حوالے سے تمام سیاسی رہنما ایک پیج پرہیں اور تمام مسائل افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں گے واضح رہے کہ پریس کانفرنس میں سجاد حسین طوری، منیر اورکزئی، ساجد حسین طوری اور مفتی عبدالشکور سمیت دیگرقبائلی پارلیمانی رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مشاورتی کمیٹی کے اختیارات بارے ایک سوال کے جواب میں اجمل وزیر نے کہا کہ کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے اب پی ٹی ایم آگے بڑھ کر آئینی طریقہ کار کے مطابق مذاکرات کا آغاز کر ے واضح رہے کہ پریس کانفرنس میں صوبائی ترجمان کی طرف سے پشتون تحفظ موومنٹ کے ساتھ مذاکرات کا دعوت نامہ بھی شیئر کیا گیا۔ جن پر قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور ایم این ایز کے دستخط ثبت تھے اجمل وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ 26 مارچ کو صبح 11:00 بجے سول آفیسر ز،میس پشاور میں پی ٹی ایم کی جملہ قیادت کے ساتھ جرگہ منعقد ہوگا اور ہمیں امید ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت کی طرف بھی سے مثبت ردعمل کا اظہارکیاجائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں