25 مارچ سے شروع ہونے والی پولیو مہم کوہر صورت کامیاب بنائیں گے،عادل صدیق

بدھ 20 مارچ 2019 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) کمشنر بنوں ڈویژن عادل صدیق نے کہا ہے کہ 25 مارچ سے شروع ہونے والی پولیو مہم کوہر صورت کامیاب بناتے ہوئے نونہالان وطن کو موذی امراض سے بچا کر صحت مند معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں درپیش مسائل کے حل اور منفی تاثر کے خاتمے کے لئے اگاہی مہم تیز کر دی جائے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ پولیومہم کو کامیاب بنانے کیلئے سر توڑ کوشش کریں تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں25مارچ سے شروع ہونے والی پولیو سے بچاؤ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تین اضلاع پرمشتمل بنوں ڈویژن ضلع لکی مروت کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورلامین, ضلع بنوں کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کامران خان, ضم شدہ ضلع شمالی وزیرستان کے اسسٹنٹ کمشنر, محکمہ صحت کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران,پاک ارمی اور محکمہ پولیس کے افسران سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں محکمہ صحت کے حکام نے کمشنربنوں کو مذکورہ پولیو مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر بنوں نے تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو ہدایت کی کہ پولیو کے حوالے سے نہ صرف منفی پروپیگینڈا کی روک تھام کیلئے اگاہی مہم تیز کی جائے بلکہ فیلڈ ورکرز کی ڈویژن کے ہر کونے تک رسائی کوبھی یقینی بنایا جائے۔۔ اخر میں کمشنر بنوں نے محکمہ صحت کو مہم کے اختتام پر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں