ئ*ڈیرہ اسماعیل خان کی سرزمین باصلاحیت افراد کی دھرتی ہے، بریگیڈئیر رائو عمران سرتاج

یہاں کے باسیوں نے زندگی کے ہر میدان میں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ادبی لحاظ سے یہاں کا ٹیلنٹ بہترین ہے ،اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ

اتوار 24 مارچ 2019 20:00

~پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2019ء) اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈئیر رائو عمران سرتاج نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی سرزمین باصلاحیت افراد کی دھرتی ہے یہاں کے باسیوں نے زندگی کے ہر میدان میں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ادبی لحاظ سے یہاں کا ٹیلنٹ بہترین ہے جس کی سرپرستی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عاطف قیوم شہید پارک میں 23 مارچ کی مناسبت سے ڈیرہ پریس کلب کے زیراہتمام مشاعرہ سے خطاب کے دوران کیا محفل مشاعرہ میں سرائیکی اردو اور پشتو شعراء نے وطن کی محبت ،مٹی کی محبت، اجتماعی مسائل اور لطیف جذبات کو بہترین شاعرانہ انداز سے پیش کیا اور دادلی۔ تقریب سے ڈیرہ پریس کلب کے صدر محمد یاسین قریشی جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرم سابق جنرل سیکرٹری محمد فضل الرحمان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع ناظم ڈیرہ عزیز اللہ خان علیزئی، سابق ایم پی اے مظہر جمیل علیزئی ،ڈسٹرکٹ بار کے سابق صدر قیضار خان میاں خیل اور ڈسٹرکٹ طب آفیسر ڈاکٹر عبداللہ ظفری بھی موجود تھے۔ تقریب کے مقررین نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں قیام امن کے لئے فورسز اور عوام نے مشترکہ کردار ادا کیا ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور عوام کے تعاون سے شہر کی رونقیں بحال ہو رہی ہے تفریحی سرگرمیاں تیزی سے پنپ رہی ہیں ،آنے والے دنوں میں اس حوالے سے مزید پیشرفت دیکھنے کو ملے گی۔

مقررین نے کہا کہ پاک آرمی کے تعاون سے ڈیرہ پریس کلب کے زیراہتمام محفل مشاعرہ کا انعقاد قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا عاطف شہید پارک ہمارے پریس کلب کے سابق سرپرست حاجی محمد نواز بابر مرحوم کے پوتے حاجی قیوم نواز بابر کے فرزند کے نام پر قائم ہے جس کی شہادت پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی مسائل کے حل اورمختلف سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈئیر رائو عمران سرتاج کے کردار، محنت اور لگن کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔

اس موقع پر ڈیرہ پریس کلب کے سینئر رکن حاجی قیوم نواز بابر نے اسٹیشن کمانڈر کو ڈیرہ پریس کلب کی جانب سے لنگی پہنائی جبکہ شعرا میں اسٹیشن کمانڈر راؤ عمران سرتاج اور ضلع ناظم عزیز اللہ خان علی زئی نے مشاعرہ کے شعرا ء میں اسناد تقسیم کیں.

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں