ّحکمرانوں کے انتخاب کا حق ریاستی اداروں کی بجائے عوام کے پاس ہونا چاہئے،سردار حسین بابک

G بی آر ٹی پشاور کے لوگوں کی ڈیمانڈ ہی نہیں تھی ،منصوبہ شروع کرنے سے قبل اسمبلی میں لایا جاتا تو حکومت کو گائیڈ لائن دی جا سکتی تھی، جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

اتوار 24 مارچ 2019 20:35

&پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں بلکہ اس کی پشت پر موجود قوتوں کے ساتھ ہے جنہوں نے پانچ سال تک ایک شخص اور جماعت کو ایمانداری کا سرٹیفیکیٹ دینے کیلئے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا، حکمرانوں کے انتخاب کا حق ریاستی اداروں کی بجائے عوام کے پاس ہونا چاہئے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں ایک نجی تقریب کے دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ کیلئے پشاور کے شہریوں کو جس عذاب میں مبتلا کیا گیا وہ کسی کرب سے کم نہیں ، بی آر ٹی پشاور کے لوگوں کی ڈیمانڈ ہی نہیں تھی ،منصوبہ شروع کرنے سے قبل اسمبلی میں لایا جاتا تو حکومت کو گائیڈ لائن دی جا سکتی تھی، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شاہراہ کی اہمیت کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف ایک بس کی خاطر پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا،جو اس حکومت کی غیر سنجیدگی اور نا تجربہ کاری کا واضح ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی نسبت کم لاگت سے پشاور کے رنگ روڈز ،لنک روڈز اور کینال روڈز کی تعمیر پر توجہ دی جاتی تو ٹریفک کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ شہر کا دیگر شہروں سے رابطہ ممکن بنایا جا سکتا تھا، سردار حسین بابک نے کہا کہ پورے پشاور میں ریلوے ٹریک موجود ہے جسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت تھی لیکن حکمرانوں نے سب کچھ نظر انداز کر کے غیر ضروری جنگلہ بس کو اہمیت دی،انہوں نے کہا کہ ملم جبہ اراضی سکینڈل اور بلین سونامی ٹری سمیت پی ٹی آئی کے ہر منصوبے میں کرپشن واضح طور پر نظر آ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کے ذمہ ٹھیکیداروں کی30ارب روپے بقایا ہیں جن کی ادائیگی کیلئے کوئی لائحہ عمل نظر نہیں آ رہا جبکہ تقریاتی کاموں کیلئے ایک روپیہ موجود نہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں126دن کا دھرنا دلانے کیلئے خفیہ ہاتھ موجود تھا اور قومی املاک پر حملہ کرنے والوں ، بجلی و گیس کے بل نذر آتش کرنے اور سول نافرمانی کے اعلانات کرنے والے آج قوم سے ٹیکسوں کا مطالبہ کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں حکمران چننے کا اختیار عوام کے پاس نہیں ہے،بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ اے این پی تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور بہترین تعلقات کے حق میں ہے ، افغانستان اور پاکستان کے درمیان تمام غلط فہمیاں دور کی جائیں اور دونوں جانب سے امن اور عدم تشدد کا پیغام آنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے چاہئیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں