ا*ڈی آئی خان میں بھی بہت جلد وزیراعظم کولے کر آؤں گا۔ اجمل وزیر

اتوار 21 اپریل 2019 20:20

:پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2019ء) مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا و ترجمان صوبائی حکومت اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی ترجیحات قبائلی اضلاع کو قومی دھارے میں لا کر امن قائم کر کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنا ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج ڈیرہ پریس کلب میں ڈیرہ کی صحافتی برادری، انجمن تاجران، تحصیل و ضلع ناظمین اور عمائدین علاقہ سے کیا۔

تقریب میں ڈیرہ پریس کلب کے صدر محمد یٰسین قریشی، جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرم و دیگر عہدیداران کے علاوہ انجمن تاجران، تاجر اتحاد،ایوان زراعت و فارماسوٹیکل کمپنیوں کے عہدیداران، تحصیل و ضلع ممبران، وکلاء و دیگر متعلقہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا و ترجمان صوبائی حکومت اجمل وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کابینہ سے بلدیاتی نظام منظور کروا لیا ہے اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کو اہمیت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بلدیاتی نمائندے فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے اس نظام کے متعارف ہونے سے ترقیاتی کاموں کی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پشاور سے ڈیرہ غازی خان تک موٹروے بنانے کیلئے ہماری حکومت کے ساتھ تعاون کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دراصل مجھے ٹرائبل ایریا کو سیٹلڈ ایریا میں ضم کر نے کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اس کے باوجودمیں ڈیرہ کے مسائل سے بے خبر نہیں ہوں۔

ڈیرہ کے امن عامہ کی صورتحال اور یہاں کی پسماندگی سے میں بخوبی آگاہ ہوں اس سلسلے میں میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو تمام پوزیشن واضح کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج یہاں اپنے علاقے کے اکابرین کو دیکھ رہا ہوںآپ سب لوگ میرے لیے قابل احترام ہیں۔انہوں نے اس موقع پر ایوان زراعت کے عہدیداران کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو سبسڈی فراہم کرنے کا معاملہ سردار علی امین خان نے صوبائی حکومت تک پہنچایا تھااسے بہت جلد حل کر لیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ کی ترقی ہم سب کی ذمہ داری ہے ہر شخص کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے مسائل کو اجاگر کرنے میں ہماری صحافتی برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شیلٹر ہوم کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تبدیلی نظر آنی چاہیے اور وہ تبدیلی عوام کو سہولیات کی صورت میں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان جلد وزیرستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ قبائلی عوام کی زندگیوں میں تبدیلی کے عمل کو تیز تر کیا جا سکے ماہ رمضان کے فوراً بعد ہماری کوشش ہو گی کہ وزیر اعظم کا دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کر کے یہاں پر میگا ترقیاتی کاموں کا اعلان کر سکیں۔ علاوہ ازیں گومل یونیورسٹی کے تنازعات کے حل سے متعلق جلد عوام کو خوشخبری دیں گے تاکہ یہاں کی عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جا سکے کیونکہ یہ یونیورسٹی جنوبی اضلاع کی سب سے قدیم یونیورسٹی ہے جس نے پورے علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ستر سال بعد ٹرائبل اضلاع میں جو تبدیلی رونما ہوئی ہے اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ 70سال کے طویل انتظار کے بعد قبائلی عوام کو اپیل، وکیل اور دلیل کا حق مل رہا ہے اور 28ہزار خاصہ داروں کو مستقل کرنا عین ترین انصاف ہے ہم نے ملک میں شفاف اور کرپشن سے پاک نظام متعارف کروایاتمام مسائل بتدریج حل کر لیے جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں