وزیراعظم سے مالاکنڈ ڈویژن کیلئے خصوصی پیکیج کی سفارش کی جائے گی، وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا

پیر 22 اپریل 2019 16:41

وزیراعظم سے مالاکنڈ ڈویژن کیلئے خصوصی پیکیج کی سفارش کی جائے گی، وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ بدامنی اور کشیدہ حالات کی وجہ سے قبائلی علاقوں کی طرح مالاکنڈ ڈویژن اور اس کے عوام بھی شدید متاثر ہوئے ہیں اس لئے جس طرح وزیراعظم نے قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے 100 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے اسی طرح وزیراعظم سے مالاکنڈ ڈویژن کے لئے بھی خصوصی پیکیج دینے کی سفارش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پشاور بی آر ٹی منصوبے کے خلاف پروپیگنڈہ کو مسترد کرتے ہوئے افواہیں پھیلانے والوں کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کسی کے ساتھ کرپشن کا کوئی ثبوت ہو تو سامنے لائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بی آر ٹی سے متعلق پرانی ویڈیوز چلا کر الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے زمینی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 29 ارب روپے کی خطیر لاگت سے بی آر ٹی منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، لاہور بی آر ٹی پر 31 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں اس کا موازنہ پشاور بی آر ٹی سے نہ کیا جائے، پشاور بی آر ٹی پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی نگرانی میں کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب کے پروگرام ''میٹ دی پریس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی 27 کلو میٹر طویل منصوبہ ہے جس کی لاگت 29 ارب روپے ہے لیکن بعض لوگ اس منصوبے کی بلاجواز مخالفت کر رہے اور ان کا مقصد صرف اور صرف تنقید برائے تنقید ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے ملک کو دیوالیہ کیا اور آج ہم ان کے قرضوں کی وجہ سے روزانہ 7 ارب روپے سود کی مد میں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کا احتساب کرکے اس ملک کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہو گا، عوام نے ملک لوٹنے والوں کو مسترد کرکے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے کیونکہ عمران خان ہی ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کے حوالے سے جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں وہ حقیقت کے برعکس ہیں اور بعض چینلز پر پرانی فوٹیج چلا کر نہ صرف بی آر ٹی منصوبے کو ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے بلکہ عوام کو بھی تشویش میں مبتلا کیا جا رہا ہے، بی آر ٹی منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو شفاف طریقے سے مکمل ہونے کی طرف جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چکدرہ تا کالام اور خوازہ خیلہ تا بشام منصوبے کو سی پیک سے ختم کرنے کے حوالے سے جو باتیں زیر گردش ہیں وہ بھی حقیقت کے برعکس ہیں کیونکہ اس حوالے سے کوئی کاغذی کارروائی پہلے نہیں ہوئی، مالاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کے حوالے سے نئے سیاحتی مقامات کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔

پی ٹی ایم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ پختونوں کے حقوق کے لئے جو باتیں کر رہے ہیں وہ درست ہیں لیکن ان کا طریقہ کار غلط ہے پختون لیڈر شپ تحریک انصاف میں موجود ہے اور آج ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی کابینہ میں سب سے زیادہ تعداد پختونوں کی ہے وزیراعظم عمران خان بھی پختون ہیں جو پختونوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز پاپا بچا تحریک چلا رہے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن چونکہ ہمیشہ حکومت میں رہ چکے ہیں اسلئے اب حکومت سے باہر ہونے کیوجہ سے وہ حکومت کیخلاف واویلا کر رہے ہیں اگر عوام نے ان کو مسترد کر دیا ہے تو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں اس موقع پر سوات پریس کلب کے چیر مین شہزاد عالم نے صوبائی وزیر کو صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور میڈیا کالونی پر تبادلہ خیال کیا صوبائی وزیر نے صحافیوں کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں