خیبر پختونخوا حکومت لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کررہی ہیں،مشتاق غنی

علاقائی ترقی و فلاحی منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں،سپیکر خیبرپختونخو اسمبلی

بدھ 24 اپریل 2019 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ جتنا ممکن ہو سکے اپنے لوگوں کو سہولیات فراہم کریں اور علاقائی ترقی و فلاحی منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے خیبر پختونخوا اسمبلی پشاور میںمنعقدہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی درجہ بندی اور ایبٹ آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس میں محکمہ صحت اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی درجہ بندی اور دیگر جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سپیکر خیبر پختونحوا اسمبلی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیوہسپتال کی درجہ بندی و تعمیراتی کام میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں اورمتعلقہ محکموں کے ذمہ داران اس منصوبے میں ذاتی دلچسپی کا اظہار کریں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ہزاروں لوگ مستفید ہوں گے لحاظہ اس میں کسی قسم کی کوتاہی قابلِ برداشت نہیں ہو گی۔اس کے علاوہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد میں جاری سڑکوں کے منصوبوں و دیگر سکیموں پر پیش رفت کو تیز کیا جائے ، متعلقہ افسران نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو منصوبے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایبٹ آباد بائی پاس پر کام تیزی سے جاری ہے اور دیگر منصوبوں پر بھی عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ مشتاق احمد غنی نے اس موقع پر کہا کہ عوام نے ہم پرجس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ہم نے پورا اترنا ہے اور اپنے فرائض کو ایمانداری سے پورا کرنا ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں