وزیر قانون کا بکا خیل کیمپ بنوں کا دورہ، بکا خیل میں تعمیراتی منصوبوں کا افتتاح

جمعہ 26 اپریل 2019 15:44

وزیر قانون کا بکا خیل کیمپ بنوں کا دورہ، بکا خیل میں تعمیراتی منصوبوں کا افتتاح
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور اورانسانی حقوق سلطان محمد خان نے ٹی ڈی پیز کیمپ بکاخیل سب ڈویڑن بنوں کا ایک روزہ دورہ ‘ اس دوران انہوں نے علاقے میں دو بڑے پلوںاورٹیلی فون ایکسچینج تا ایس ایم روچہ روڈ کی پختگی کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔صوبائی وزیرنے اس موقع پرٹی ڈی پیز کے عمائدین اور عوام میں گھل مل گئے دورے میں اراکین صوبائی اسمبلی شاہ محمد خان،پختون یار اور کمشنر بنوں عادل صدیقی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سلطان محمد خان نے اس موقع پر ٹی ڈی پیز کیلئے قائم بی ایچ یو کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس میں موجود طبی سہولیات پر اظہار اطمینان کیا ۔ بعد ازاںوزیر قانون نے قبائلی عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کی خاطر قبائلی عوام نے جو تکالیف برداشت کیں ان کی مثال دنیا میں نہیں ملتی ‘ آج امن ہے تو یہ ان کی قربانیوں کا صلہ ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

سلطان محمد خان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت عوام کو ریلیف اور سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق تمام قبائل کو بلا تفریق صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جائے گا۔ کیمپ میں درپیش مسائل کے حوالے سے وزیر قانون نے موقع پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے اور جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔قبل ازیں وزیر قانون نے ٹیلی فون ایکسچینج تاایس ایم روچہ دس کلو میٹر سڑک اور دو بڑے پلوں کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ سنگ بنیاد بھی رکھا جن پر مجموعی طور پر تقریباًً284 ملین روپے لاگت آئے گی ۔

وزیر قانون نے زیر تعمیر گورنمنٹ ڈگری کالج بکاخیل کا بھی معا ئنہ کیا اور متعلقہ حکام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں