صوبائی وزیر زراعت کا دورہ جنوبی وزیرستان

قبائلی عوام نے ملک و قوم کیلئے جو تاریخی قربانیاں دی ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، محب اللہ خان

جمعہ 26 اپریل 2019 17:02

صوبائی وزیر زراعت کا دورہ جنوبی وزیرستان
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے ملک و قوم کیلئے جو تاریخی قربانیاں دی ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،پی ٹی آئی حکومت عوامی مسائل کے حل اور انہیںترقی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ جنوبی وزیرستان کے دوران مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر50 لاکھ روپے کی لاگت سے ہموار کی جانی والی ایک ہزار ایکڑ اراضی کے منصوبے سمیت متعدد ترقیاتی سکیموںکا افتتاح کیا۔محب اللہ خان نے کہا کہ علاقے میں بنجر اراضی کے قابل کاشت اور ہموار بنانے کے منصوبے کی تکمیل سے ایک ہزار مقامی زمیندار مستفید ہونگے اور خاص طور پر ان کی معاشی حالت بہتر ہونے کے ساتھ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا اورصوبے کی معیشت مستحکم ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا لائیوسٹاک اور زراعت کی ترقی کیلئے مختص44 ارب روپے میں سے صوبے کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ ضم شدہ اضلاع میںبھی رقوم خرچ کی جائیں گی اسی طرح ضم شدہ اضلاع میں معدنیات، جنگلات، ماہی پروری اور آبادکاری کے لیے بھی 251 ارب روپے کی رقم فراہم کی جائیں گی جن کی بدولت علاقے میں روزگار کی فراہمی کے ساتھ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔

تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے عمائدین نے ترقیاتی منصوبوں کے اجرا پر صوبائی حکومت وزیر کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقع پر فوکل پرسن محکمہ زراعت و لائیوسٹاک ڈاکٹر شبیرمحمد،مختلف محکموں کے ڈی جیز اور چیف پلاننگ آفیسر زراعت منتظر شاہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں