ٰملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ہے،ڈالر کی اڑان نے عوام کے ہوش اڑادیئے ہیں۔ عتیق الرحمن

عید الفطر کے بعد مہنگائی میں ہوشر با اضافہ کے خلاف جماعت اسلامی بھر پور عوامی تحریک چلائے گی۔ ضلعی امیر کا ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب

اتوار 19 مئی 2019 21:16

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں خطرناک اضافے سے ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ہے، اس سے مہنگائی کا ایک نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوگا جو بے حال عوام کی زندگی کو مزید اجیرن بنادے گا۔ آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر عمل درآمد کے سنگین نتائج نکلیں گے۔

حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو قوم کے سامنے لائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے دفتر جماعت اسلامی پشاور نشترآباد چوک میں ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور کفایت احمد ، نائب امراء حاجی محمد اسلم ، سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان ، صدر جے آئی یوتھ پشاور نورغلام ، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز افتخار احمد، فضل دادسالارزئی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر عتیق الرحمن نے کہا کہ پاکستانی روپے کی بے قدری نے حکمرانوں کی اہلیت کا پول کھول دیا ہے۔ پاکستانی روپیہ ایشیا کی بدترین کرنسی بن چکا ہے۔ ایک ڈالر 79افغان، 70انڈین روپے اور84 بنگالی ٹکہ کے برابر جبکہ پاکستان میں 151روپے تک پہنچ چکا ہے۔ مئی 2018سے اب تک روپے کی قدر میں 29فیصد تک کمی ہوچکی ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

انھوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے نو ماہ کے اقتدار میں ڈالر کی قیمت میں 26.5روپے کا اضافہ کیا ہے، جس سے پاکستان کے مجموعی قرضوں کا حجم 350کھرب سے تجاوز کرچکا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے دور میں ان قرضوں میں 52کھرب 15ارب 30کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے جس سے ہر شہری اوسطاً ایک لاکھ 69ہزار روپے کا مقروض ہوچکا ہے، تبدیلی سرکار نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔عتیق الرحمن نے مزید کہا کہ معیشت کا قتل عام کیا جارہاہے، اس پر خاموش نہیں رہا جاسکتا۔ عید ٓالفطر کے بعد مہنگائی میں ہوشر با اضافہ کے خلاف جماعت اسلامی بھر پور عوامی تحریک چلائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں