،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سستا گھر پروگرام کے تحت پشاور اور ہنگو میں سکیموں کیلئے ماڈل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت

اتوار 19 مئی 2019 21:16

ی*پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سستا گھر پروگرام کے تحت پشاور اور ہنگو میں سکیموں کیلئے ماڈل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ ماڈل ہر لحاظ سے قابل عمل ہونا چاہئے اور اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ ہم نے لوگوں کو سہولت دینی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں قابل استطاعت ہائوسنگ پروگرام( سستاگھر سکیم) کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتحار درانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فخر عالم، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ٹاسک فورس کے دیگر اراکین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو سستا گھر سکیم کے حوالے سے پیش رفت اور صوبائی حکومت کے اس سلسلے میں کردار اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

سیکرٹری ہائوسنگ نے اجلاس کو تجویز پیش کی کہ صوبے کے جن شہروں میں اراضی دستیاب ہے وہی سکیم کا اجراء کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور میں سوڑیزئی کے مقام پر آٹھ ہزار کنال اراضی موجود ہے ، اس کے علاوہ ہنگو میں آٹھ ہزار کنال اور سوات میں پانچ سو کنال اراضی دستیاب ہے جہاں سستا گھر سکیموں کی تعمیر کی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں سستا گھر سکیموں کیلئے مختلف ماڈلز کا بھی جائزہ لیا گیااور مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیر اعلی نے پشاور ، ہنگو اور دیگر شہروں جہاں اراضی دستیاب ہے ، ان میں سکیموں کی اجراء کیلئے مضبوط اور قابل عمل تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے جس کیلئے بر وقت اور ٹھوس فیصلے کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائوسنگ سستے گھروں کے تعمیر کے حوالے سے اپنی مکمل استعداد اور تجاویز سامنے لائے۔

انہوں نے پشاور اور ہنگو میں سستا گھر سکیموں کے اجراء کیلئے ماڈل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی انہوں کہا کہ اس مقصد کیلئے صوبے میں پہلے سے موجود خپل کور ماڈل سمیت دیگر وفاقی اور صوبائی ماڈلز کا بغور جائزہ لیا جائے اور ایک بہترین اور قابل عمل ماڈل پیش کیا جائے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس مجموعی عمل میں یہ امر ہر سطح پر ذہن نشین رہے کہ ہم نے لوگوں کو سہولت دینی ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں