پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں کادو دن کیلئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ محمود خان سے 21 مئی کو ہونے والی ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ڈاکٹرز کونسل

پیر 20 مئی 2019 15:07

پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں کادو دن کیلئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں نے دو دن کیلئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کے ناروا روئیے کیخلاف خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز گزشتہ 4 روز سے ہڑتال پر ہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ خیبرپختونخوا ڈاکٹرز کونسل کے کنوینئر ڈاکٹر سراج الاسلام کا کہنا ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پیر اور منگل کو او پی ڈیز کھلی رہیں گی تاہم خیبر ٹیچنگ اسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس سمیت باقی تمام ہسپتالوں میں ہڑتال جاری رہے گی۔

ڈاکٹر سراج الاسلام نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان سے 21 مئی کو ہونے والی ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز کونسل کے کنوینئر نے کہا کہ ڈاکٹروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو مذاکرات سے بائیکاٹ کریں گے اور وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کی موجودگی میں کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ 16 مئی کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں وزیراعظم عمران خان کے کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ضیائو الدین کے درمیان تکرار ہوئی، اس دوران ڈاکٹر ضیاء نے الزام لگایا کہ وزیر صحت ہشام انعام اللہ کے محافظوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں