ٴحکومت سولوفلائٹ کی عادی ہے، ڈرائنگ روم میں بننے والا بجٹ عوام دوست نہیں ہو سکتا،سردار حسین بابک

اتوار 26 مئی 2019 20:16

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ مہنگائی کا نہ رکنے والا طوفان حکومت کا عطا کردہ ہے ، آئندہ بجٹ میں ٹیکسز میں اضافے کی بجائے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ طوفان سے غریب کا جینا مشکل اور اس کی قوت خرید جواب دے گئی ہے،اس پر مزید ٹیکسز کا نفاذ عوام کو خودکشی پر مجبور کرنے کے مترادف ہو گا، انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کو ذہنی مریض بنا دیا ہے،لہٰذا سرکاری ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی میں اضافے کے تناسب سے بڑھائی جائیں،انہوں نے کہا کہ حکومت بند کمرے میں بجٹ تیار کر رہی ہے ، پی ٹی آئی صوبے میں گزشتہ چھ سال سے حکومت میں ہے لیکن آج بھی تمام فیصلے سولوفلائٹ کے ذریعے کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں بنائے گئے بجٹ عوام دوست نہیں ہو سکتے،انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت جس انداز میں بجٹ بنا رہی ہے اس کے عوام دشمن ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہا،سردار حسین بابک نے کہا کہ حکومت کے پاس صوبے کے ٹھیکیداروں کے اربوں روپے کے بقایاجات کی ادائیگی اور گزشتہ تین چار سال سے جاری منصوبوں کیلئے رقم موجود نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ مسلط حکومت کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے،لیکن روزانہ کی بنیاد پر فوڈ و نان فوڈ آئٹم کی قیمتوں اور ٹیکسوں کی شرح میں اضافے کی بھرمار کر دی گئی ہے جبکہ مختلف محکموں میں عوام سے روزانہ لاکھوں روپیہ جرمانہ وصول کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ پٹوار سے لے کر تمام شعبوں میں فیسوں میں ناروا اضافے نے عام آدمی کو زندہ درگور کر دیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں